تعلیم و روزگارتلنگانہ

2ماہ تک پابندی نماز کا پروگرام، بچوں میں انعامات کی تقسیم

عبدالجباریوتھ کورٹلہ کی جانب سے جامع مسجد کورٹلہ کے قرب وجوارمیں رہنے والے بچوں کے لئے 2ماہ مسلسل پنچ وقتہ بہ جماعت نماز کی ادائیگی پر بچوں میں انعامات کا مقابلہ رکھا گیا۔

کورٹلہ: عبدالجباریوتھ کورٹلہ کی جانب سے جامع مسجد کورٹلہ کے قرب وجوارمیں رہنے والے بچوں کے لئے 2ماہ مسلسل پنچ وقتہ بہ جماعت نماز کی ادائیگی پر بچوں میں انعامات کا مقابلہ رکھا گیا۔

ان بچوں کی مسجدہذاکے امام حافظ مجاہد اور موذن محمدسجاد روزانہ مسجد میں حاضری ڈال رہے تھے۔اس مقابلوں میں تقریباً 100 بچوں نے نمازکی پابندی کی۔تاہم ان میں 20 بچوں نے تکبیراولی کے ساتھ نمازپنجگانہ ادا کی اوروہ انعام اول کے مستحق قرار پائے جبکہ 20بچے دوسرے انعام کے مستحق قرار پائے اوردیگربچوں کوجوجزوی طورپر نماز ان دوماہ کے دوران ادا کرتے رہے انہیں بھی ترغیبی انعامات دیئے گئے۔

اس ضمن میں بروز چہارشنبہ بعد نمازعشاء جامع مسجد کورٹلہ سے متصل میدان میں جلسہ تقسیم انعامات زیر صدارت ایم اے اطہرصدرجامع مسجد کورٹلہ منعقد ہوا۔مفتی سید مظہرقاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع جگتیال‘ محمد ایاز میونسپل کمشنر‘ محمد عبدالرؤف متاجربرگ آبنوس‘ایم اے اسرار صدر عیدگاہ اورمحمدافروز نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

جلسہ کومفتی مظہر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیارے نبی ؐ‘ صحابہ ؓ میں دوڑ‘تیراکی اورتیراندازی کے مقابلے کبھی کبھی رکھا کرتے تھے اور ان میں کامیاب صحابہؓ کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ مولانا نے ایک صحابی رسول سلمہ بن اخواؓ کا ذکرتے ہوئے کہاکہ وہ گھوڑے کی رفتار سے بھی زیادہ تیزدوڑاکرتے تھے۔

مولانا نے طلبہ سے کہاکہ وہ نماز کی ادائیگی‘قرآن پڑھنے میں اوردیگر دینی کاموں میں ایک دوسرے سے مسابقت کریں۔انہوں نے یوتھ کے ذمہ داران کواس پروگرام کے انعقاد پر مبارکبادپیش کی۔اس موقع پراول آنے والے 20بچوں میں 20سکلیں اور دوم انعام پانے والوں میں 20 بچوں میں کرکٹ کٹ کی تقسیم مہمانوں کے ہاتھوں عمل میں آئی۔

حافظ محمدمجاہدمسجد ہذا جواس دو ماہی پروگرام کی نگرانی کررہے تھے‘اپنے اختتامی خطاب میں کہاکہ ان ایام میں بچوں کونمازکی ادائیگی کا طریقہ سکھایا گیا۔نمازجنازہ کی دعا یادکروائی گئی اور وضوکاطریقہ عملی طورپربتایاگیا۔

اس موقع پرصدرمسجدایم اے اطہر کومیونسپل کونسلر مظفر احمدسجو نے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر جباریوتھ صدرتقی الدین کے علاوہ ممبران محمد اویس ارباز‘جنید‘مبین‘سمیر اوردیگر موجودتھے۔ حافظ محمدسجاد نے شکریہ ادا کیا۔