تعلیم و روزگار

میڈیکل اسٹڈیز میں انگریزی اب لازمی نہیں: وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انگریزی نہ سمجھنے کی وجہ سے بہت سے بچے ہونہار ہونے کے باوجود پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اس لئے ریاستی حکومت نے میڈیکل کالج میں ہندی زبان میں تعلیم فراہم کرنے کی پہل کی ہے۔

بھوپال: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مدھیہ پردیش دورے سے دو دن پہلے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ اب میڈیکل کالج کی پڑھائی کے لئے انگریزی زبان لازمی نہیں ہے اور میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم ہندی زبان میں شروع کی جائے گی۔ مدھیہ پردیش ایسا کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔

چوہان نے شام دیر گئے عام لوگوں کے نام جاری ایک ویڈیو پیغام میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں پرائمری اور اعلیٰ تعلیم صرف مادری زبان میں فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔ مدھیہ پردیش نے بھی اپنے عزم کو پورا کرنے کے لئے قدم اٹھایا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انگریزی نہ سمجھنے کی وجہ سے بہت سے بچے ہونہار ہونے کے باوجود پیچھے رہ جاتے ہیں۔ وہ بھی مایوس ہو جاتے ہیں۔ وہ آسانی سے ترقی نہیں کرتے۔ اس لئے ریاستی حکومت نے میڈیکل کالج میں ہندی زبان میں تعلیم فراہم کرنے کی پہل کی ہے۔

اس قدم پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت نے طبی تعلیم ہندی میں دینے کے لئے نصابی کتابیں تیار کرلی ہیں۔ اب انگریزی کی کوئی جبر نہیں رہے گا۔ ریاست کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ یہاں میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم صرف ہندی زبان میں ہی ہوگی۔

مسٹر چوہان نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 16 اکتوبر کو بھوپال دورے کے دوران منعقدہ ایک پروگرام میں ہندی کتابوں کی نقاب کشائی کریں گے۔ اسے ایک نئے دور کا آغازقرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ریاست کے بچے مایوس نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام دن میں تقریباً 12 بجے منعقد کرنے کی تجویز ہے۔