تعلیم و روزگار

عیسائی بن چکے ہندوؤں کو تحفظات سے محروم کردیا جائے: وی ایچ پی

وشواہندوپریشد نے آج مرکز سے اپیل کی کہ وہ عیسائیت قبول کرنے والے ہندوؤں کو تحفظات کے فوائد سے محروم کردے۔

جئے پور: وشواہندوپریشد نے آج مرکز سے اپیل کی کہ وہ عیسائیت قبول کرنے والے ہندوؤں کو تحفظات کے فوائد سے محروم کردے۔

وی ایچ پی کے قومی ترجمان وجئے شنکر تیواری کے مطابق عیسائیت قبول کرنے والے افراد ابھی تک دستاویزات میں اپنے ہندوناموں اور دیگر کوائف کا استعمال کررہے ہیں۔ یہ لوگ درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل کو حاصل تحفظات سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔

مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ ایک منصوبہ بنائے اور سروے کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد جنہوں نے عیسائیت قبول کرلی ہے انہیں یہ فوائد حاصل نہ ہوں۔

تیواری نے کہا کہ ان کی تنظیم آنے والے دنوں میں اس مسئلہ پر بیداری مہم شروع کرے گی۔ وی ایچ پی کے قومی ترجمان پربھات شرما نے بتایا کہ ایسے کئی کیسس ہیں جن میں ایس سی اور ایس ٹی زمروں کے افراد نے عیسائیت قبول کرلی ہے لیکن اپنا نام تبدیل نہیں کیا۔

دیگر دستاویزات بھی تبدیل نہیں کئے گئے ہیں۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر انہیں تحفظات حاصل ہورہے ہیں۔