انٹرٹینمنٹ

سلمان خان کو ہلاک کرنے لارنس بشنوئی نے پلان’B‘ تیار کیا تھا

دہلی اور پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ شخص لارنس بشنوئی نے اداکار سلمان خان کو قتل کرنے دو منصوبے تیار کئے تھے۔

نئی دہلی: دہلی اور پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ شخص لارنس بشنوئی نے اداکار سلمان خان کو قتل کرنے دو منصوبے تیار کئے تھے۔

ایک منصوبہ اس کے ساتھ سمپت نہرا کی گرفتاری کے بعد 2018 میں آشکار ہوگیا تھا۔ اُس نے ایک پلان ’B‘ بھی تیار کیا تھا۔ گولڈی برارلارنس بشنوئی گینگ کے نشانہ باز کپل پنڈت کو اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

پنڈت کو حال ہی میں دہلی پولیس اور پنجاب پولیس کی مشترکہ کارروائی میں ہند۔پاک سرحد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پنڈت اور اس کے ساتھیوں نے ممبئی کے قریب پنویل میں ایک کمرہ بھی کرایہ پر لیا تھا تاکہ وہاں سلمان خان کے فارم ہاوز کا جائزہ لے سکیں۔

اُن کا ٹھکانا اسی سڑک پر تھا جو ممبئی سے فارم ہاؤز کو جاتی تھی۔ یہ جرائم پیشہ افراد جاریہ سال کے اوائل میں زائداز ایک ماہ تک وہاں مقیم رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ان سب کے پاس چھوٹے ہتھیار تھے اور وہ سلمان خان پر حملہ کرنے کیلئے انہیں استعمال کرنا چاہتے تھے۔

وہ یہ بھی جانتے تھے کہ جب بھی سلمان خان پنویل میں اپنے فارم ہاؤز کو جاتے تھے تو ان کے ساتھ صرف ان کا ایک باڈی گارڈ شیرا رہا کرتا تھا۔ زیادہ سیکوریٹی نہیں ہوتی تھی۔ اپریل میں سلمان خان نے دو مرتبہ اپنے فارم ہاؤز کا دورہ کیا تھا۔ لیکن ان جرائم پیشہ افراد کو انہیں ختم کرنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ بشنوائی کے آدمیوں نے سلمان خان کے سیکوریٹی گارڈس سے بھی دوستی کرلی تھی۔