انٹرٹینمنٹ

’’بلقیس بانو کی حفاظت ہم کریں گے‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’میں بلقیس کو بتانا چاہتا ہوں، پنجاب آؤ، ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک تمہاری حفاظت کریں گے۔ سردار تمہارا خیال رکھیں گے۔ میں خود بلقیس کو دلاسہ دینا چاہتا ہوں اور اسے بتانا چاہتا ہوں کہ تمہارا درد ہمارا درد ہے۔

نئی دہلی: موسیقار ربی شیرگل نے جنہوں نے کبھی اپنے گانے ‘بلقیس’ کے ذریعہ ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا، آج بلقیس بانو کو ایک ہمدردانہ پیام بھیجتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب آجائے، ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک تمہاری حفاظت کریں گے۔

واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر بلقیس بانو کے 11 گناہگاروں کو گجرات حکومت نے جیل سے رہا کردیا تھا۔ گجرات حکومت کے اس اقدام پر پورے ملک میں غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔ اس دوران پنجابی موسیقار ربی شیرگل نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بلقیس بانو کو پیام دیا کہ وہ فکر نہ کرے، پنجاب آجائے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں بلقیس کو بتانا چاہتا ہوں، پنجاب آؤ، ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک تمہاری حفاظت کریں گے۔ سردار تمہارا خیال رکھیں گے۔ میں خود بلقیس کو دلاسہ دینا چاہتا ہوں اور اسے بتانا چاہتا ہوں کہ تمہارا درد ہمارا درد ہے، اور وہ اکیلی نہیں ہے۔‘‘

شیرگل نے مزید کہا کہ ’’میرا پیغام ہر کسی کے لیے ہے۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ آئیے انصاف کا خیال رکھنا شروع کریں۔ اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو ہم اپنے معاشرے کو کھوکھلا کر دیں گے۔ ہمارے پاس اب ہیروز نہیں ہیں اور ہماری آنے والی نسلیں صرف جینا چاہتی ہیں۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے ملک میں اخلاقیات کا بحران پیدا ہوگیا ہے، قیادت کا بحران ہے۔ ہمارے پاس ایک دوسرے کے لئے اب صرف ہم ہی ہیں اور ہمیں ہی ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہوگا۔‘‘

بتادیں کہ 15 گست کو، جب بھارت نے آزادی کے 75 سال کا جشن منایا، گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور اس کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے تمام 11 مجرمین کو گودھرا سب جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

ان کی رہائی کی اجازت ریاست کی بی جے پی حکومت نے اپنی معافی کی پالیسی کے تحت دی تھی، جس پر اپوزیشن جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

ممبئی کی ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے 21 جنوری 2008 کو انہیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بعد میں بمبئی ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو برقرار رکھا۔