انٹرٹینمنٹ

فلم پٹھان میں تبدیلیاں کی جائیں : سنسر بورڈ

سدھارتھ آنند کی زیرہدایت بنی فلم پٹھان میں جان ابراہم نے بھی اداکاری کی ہے اور جنوری 2023 میں اسے ہندی‘ ٹامل اور تلگو زبانوں میں تھیٹروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

ممبئی: سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈکون کی آنے والی فلم ”پٹھان“ کے تیار کنندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فلم اور اس کے چند گانوں میں تبدیلیاں کریں اور نظرثانی شدہ ورژن پیش کریں۔ چیرپرسن پرسون جوشی نے یہ بات بتائی۔

سرٹیفکیٹ کے لئے اس فلم کو سنسر بورڈ سے رجوع کیا گیا ہے جہاں بورڈ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اس کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سدھارتھ آنند کی زیرہدایت بنی فلم پٹھان میں جان ابراہم نے بھی اداکاری کی ہے اور جنوری 2023 میں اسے ہندی‘ ٹامل اور تلگو زبانوں میں تھیٹروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

 اس فلم کے ایک نغمہ ”بے شرم رنگ“ پر دیپیکا پڈکون کی جانب سے پہنی گئی بھگوارنگ کی بکنی پر تنازعہ پیدا ہوا ہے۔ سی بی ایف سی کے صدرنشین پرسون جوشی نے کہا کہ پٹھان کا سی بی ایف سی کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق جائزہ لیا گیا ہے۔

 کمیٹی نے فلمسازوں سے کہا ہے کہ وہ فلم اور اس کے نغموں میں مجوزہ تبدیلیاں لائیں اور تھیٹروں میں نمائش کے لئے بھیجنے سے پہلے ایک بار پھر اسے پیش کریں۔ اس فلم کا نغمہ بے شرم رنگ 12 دسمبر کو آن لائن جاری کیا گیا تھا اور فوری مقبول ہوگیا تھا۔

کئی افراد نے اس کی دھن کو پسند کیا تھا جبکہ چند افراد نے نغمہ میں بھگوا اور سبز لباس کے استعمال پر اعتراض کیا تھا۔ اندور میں بعض کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے دیپیکا اور شاہ رخ کے پتلے بھی جلائے تھے۔

 مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس فلم کے ایک نغمہ بے شرم رنگ میں بھگوا لباس کے استعمال پر اعتراض جتایا تھا۔