حیدرآباد

پارٹی قائدین کی غلطیوں سے بی جے پی کو شکست: کشن ریڈی

مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ کرناٹک میں پارٹی قائدین کی غلطیوں کی وجہ سے ہی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی وجہ بنی ہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ کرناٹک میں پارٹی قائدین کی غلطیوں کی وجہ سے ہی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی وجہ بنی ہے۔

آج یہاں کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت سے بہت سی غلطیاں سرزد ہوئی تھیں جس کی وجہ سے یہ نتائج سامنے آئے۔

انہوں نے کہاکہ پڑوسی ریاست میں بی جے پی حکومت کی جہاں ایک غلطی ہوئی وہیں تلنگانہ میں برسراقتدار بی آر ایس سے ان گنت غلطیاں ہوئی ہیں۔

ہمارا احساس ہے کہ آنے والے انتخابات میں عوام بی آر ایس کے خلاف ووٹ دیں گے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات میں عوام کے فیصلہ کو قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ اب ہماری غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ پارلیمنٹ انتخابات میں اپنی طاقت دکھائیں گے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ مقامی طور پر حکومت کے خلاف ناراضگی کی لہر نے شکست کا راستہ ہموار کیا مگر ہم ان غلطیوں سے ضرور سبق حاصل کریں گے۔