انٹرٹینمنٹ

مقبول مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کا انتقال

وہ 1979 سے 1984 تک جاری رہنے والے کامیڈی شو ففٹی ففٹی کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، امریکی کامیڈی شو سٹرڈے نائٹ لائیو سے متاثر یہ پروگرام سپر ہٹ ہوا اور آج تک پی ٹی وی کی تاریخ کے بہترین کامیڈی شوز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

اسلام آباد: پاکستانی ڈرامے ففٹی ففٹی میں اپنے شاندار کردار سے شہرت پانے والے مقبول مزاحیہ ٹی وی اسٹار کراچی کے نجی اسپتال میں گردے فیل ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ وہ 73 سال کے تھے۔ یہ اطلاع اہل خانہ نے دی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ان کے صاحبزادے شیراز تارا نے بتایا کہ انہیں 3 روز قبل ایک پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں گردے فیل ہونے کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔

اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ شہید ملت روڈ پر واقع پہاڑی مسجد میں ادا کی جائے گی،اسماعیل تارا کے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹی اور چار بیٹے ہیں۔ نومبر 1949 میں کراچی میں پید ا ہونے والے نامور فنکار اسمٰعیل تارا کااسٹیج، ٹیلی ویژن اور سنیما میں شاندار کیریئر رہا۔

انہوں نے اسٹیج ڈراموں میں اپنے کام کا آغاز 1964 میں کرنا شروع کیا جب کہ وہ نوعمر تھے، ان کے ساتھ مختلف مواقع پر کام کرنے والے ساتھی فنکاروں کے مطابق ان کی نقالی کرنے کی مہارت نے فوری طور پر انہیں نمایاں کردیا اور ان کی ایک شناخت بن گئی جس کی وجہ سے کچھ عرصے بعد ہی انہیں پاکستان ٹیلی ویژن پر کام کرنے کا موقع مل گیا۔