سوشیل میڈیاصحت

تاریکی میں اسمارٹ فون کے لگاتار استعمال نے حیدرآبادی خاتون کی بینائی چھین لی، کیا ہے پوری کہانی؟

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو بھی رات کے وقت اپنے اسمارٹ فون استعمال کرنے کی لت تھی اور سوشل میڈیا پر رات کو اسکرول کرنے کی اس کی عادت نے اس کو بینائی سے محروم کردیا۔

حیدرآباد: ہم سب جانتے ہیں کہ ٹکنالوجی کے نقصانات اور اسمارٹ گیجٹس کی لت کیا کر سکتی ہے؟ پھر بھی، بہت سے لوگ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے یا ان پر عمل نہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں جس کے نتیجہ میں یہ لت ان کی صحت کو نقصان پہنچا دیتی ہے۔

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو بھی رات کے وقت اپنے اسمارٹ فون استعمال کرنے کی لت تھی اور سوشل میڈیا پر رات کو اسکرول کرنے کی اس کی عادت نے اس کو بینائی سے محروم کردیا۔

ڈاکٹر سدھیر نے جو حیدرآباد کے نیورولوجسٹ ہیں، ٹویٹر پر انکشاف کیا کہ کس طرح ایک 30 سالہ خاتون نے اندھیرے کمرے میں رات کے وقت اسمارٹ فون کا مسلسل استعمال ایک معمول بنالیا تھا جس کی وجہ سے اس کی بینائی کو نقصان پہنچایا۔

اپنے ٹویٹر تھریڈ میں ڈاکٹر نے انکشاف کیا کہ منجو نامی ان کی ایک مریضہ ان کے پاس آنکھوں میں فلوٹرز، روشنی کی تیز چمک، تاریک زگ زیگ پیٹرن اور کبھی کبھار چیزوں پر ارتکاز کی کمی کی علامات کے ساتھ ان سے رجوع ہوئی تھی۔

جب ان کا طبی معائنہ کیا گیا تو تشخیص ہوئی کہ وہ اسمارٹ فون ویژن سنڈروم (ایس وی ایس) میں مبتلا ہے جس کے باعث انسان آنکھوں سے متعلق مسائل بشمول اندھے پن کا بھی شکار ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق منجو کی بینائی کو نقصان پہنچنے کی وجہ ان کی اندھیرے میں اپنے فون پر زیادہ وقت گزارنے کی عادت تھی۔ وہ تقریباً ڈیڑھ سال سے یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھی۔

ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ انہوں نے منجو کے بارے میں پوری جانکاری حاصل کی۔ اپنے معذور بچے کی دیکھ بھال کے لئے منجو نے بیوٹیشن کی نوکری چھوڑدی تھی۔ اس دوران منجو کو اسمارٹ فون کے مسلسل استعمال کی عادت ہوگئی۔ وہ روزانہ کئی گھنٹے اسمارٹ فون پر گذارنے لگیں جس میں راتوں میں تاریک کمرے میں بھی 2 گھنٹے سے زائد وقت تک اسمارٹ فون کا استعمال شامل ہے۔

اس کے معمولات کو نوٹ کرنے کے بعد ڈاکٹر نے منجو کو دوائیں تجویز کیں اور اپنا اسکرین ٹائم کم کرنے کو کہا۔ دوائیوں کے بعد اور اسکرین (موبائل فون) سے مسلسل دور رہنے کے بعد وہ اپنی بینائی بحال کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

اب منجو بالکل ٹھیک ہے۔ اس کی 18 ماہ کی بصارت کی خرابی ختم ہو گئی ہے۔ اب اس کی بینائی معمول کے مطابق ہے۔