دہلی

تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی مخالفت کی جائے گی: سونیاگاندھی

سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس سیاسی فائدہ کے لئے غلط بیانی اور غیردرست حقائق کی بنیاد پر گاندھی۔ نہرو۔ پٹیل۔ آزاد جیسے عظیم قومی رہنماؤں پر سوال اٹھانے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔

نئی دہلی: بی جے پی‘ ملک کے بٹوارہ کے لئے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کو موردِ الزام ٹھہرارہی ہے‘ ایسے میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی سیاسی فائدہ کے لئے تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی مخالفت کرے گی۔

پیر کے دن ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کانگریس سیاسی فائدہ کے لئے غلط بیانی اور غیردرست حقائق کی بنیاد پر گاندھی۔ نہرو۔ پٹیل۔ آزاد جیسے عظیم قومی رہنماؤں پر سوال اٹھانے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی حقائق کو مسخ کیا جارہا ہے۔

گزشتہ 75 برس میں ہندوستان نے بہت کچھ حاصل کیا اور جمہوریت مستحکم ہوئی۔ سونیا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ اپنی ذات میں مگن موجودہ حکومت‘ مجاہدین آزادی کی عظیم قربانیوں اور ملک کی شاندار کامیابیوں کو گھٹانے پر اڑی ہوئی ہے۔ یہ ہونے نہیں دیا جائے گا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ملک نے عالمی اہمیت حاصل کی اور باصلاحیت ہندوستانیوں کی کڑی محنت کے نتیجہ میں سائنس‘ تعلیم‘ صحت‘ انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر شعبوں میں مقام بنایا۔ پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس صدر نے پیر کے دن کہا کہ اپنی ذات میں گم حکومت‘ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کی نفی کرنے پر تلی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی‘ سیاسی فائدوں کے لئے ایسی کوششوں کی مخالفت کرے گی۔ ایک دن قبل بی جے پی نے 1947 کے بٹوارہ کے واقعات کے تعلق سے ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں اس نے برصغیر کی تقسیم کے لئے بالواسطہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت کو موردِ الزام ٹھہرایا تھا۔

ویڈیو میں جواہر لال نہرو اور محمد علی جناح کی تصاویر دکھائی گئی تھیں۔ کانگریس نے حکومت ِ کرناٹک کے اخباری اشتہار میں ملک کے پہلے وزیراعظم نہرو کو جگہ نہ دینے پر بھی سخت اعتراض کیا۔

سونیا گاندھی نے ملک کے 76 ویں یوم ِ آزادی پر اپنے پیام میں کہا کہ دوستوں ہم نے گزشتہ 75 برس میں زبردست کامیابیاں حاصل کیں لیکن آج اپنے خول میں بند حکومت‘ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کی نفی کرنے پر تلی ہے۔ کانگریس تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی سخت مخالفت کرے گی۔