دہلی

غلام نبی آزاد،جموں وکشمیر کانگریس کمیٹی سے مستعفی

غلام نبی آزاد نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں اور کئی اہم سیاسی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخاب کب کرایا جائے گا، اس سلسلے میں ابھی تک کچھ واضح نہیں ہوا ہے۔

نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد نے جو طویل عرصہ سے پارٹی سے ناراض ہیں، جموں وکشمیر میں پارٹی کے ایک کلیدی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اس طرح داخلی بغاوت کا اشارہ دیا ہے۔ پارٹی کی مہم کمیٹی کے سربراہ نے اپنے تقرر کے کچھ ہی دیر بعد اس عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے پارٹی کی جموں وکشمیر سیاسی امور کمیٹی کے عہدہ سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ غلام نبی آزاد ان تقررات کو اپنے لئے تنزلی تصور کررہے تھے کیونکہ وہ پہلے ہی سے پارٹی کی آل انڈیا سیاسی امور کمیٹی کے رکن ہیں۔

 وہ سابق چیف منسٹر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں اور کئی اہم سیاسی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخاب کب کرایا جائے گا، اس سلسلے میں ابھی تک کچھ واضح نہیں ہوا ہے۔

لیکن تمام جماعتوں نے خود کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ اس ضمن میں کانگریس نے آج کچھ اہم فیصلے کیے جس میں جموں و کشمیر کانگریس صدر کا تقرر بھی شامل ہے۔ سب سے بڑا اعلان کانگریس نے یہ کیا کہ ریاستی یونٹ کی تشکیل نو کرتے ہوئے غلام نبی آزاد کو جموں و کشمیر مہم کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔

غلام نبی آزاد کے قریبی تصور کیے جانے والے وقار رسول وانی کو جموں و کشمیر کانگریس کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام اس خطہ میں کانگریس کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری غلام نبی آزاد کو سونپی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کانگریس صدر غلام احمد میر نے گزشتہ دنوں استعفیٰ دے دیا تھا جسے پارٹی نے منظور کرتے ہوئے ریاستی یونٹ کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا۔ رمن بھلا کو پارٹی کا کارگزار صدر بنایا گیا ہے۔ قابل غور ہے کہ ریاستی انتخابی کمیٹی کی صدارت نئے پردیش کانگریس کمیٹی صدر کریں گے۔کانگریس کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں یہ اطلاعات دی گئی ہیں۔

 پریس ریلیز کے مطابق کانگریس صدر نے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر کے عہدہ سے غلام احمد میر کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ پارٹی نے غلام احمد میر کی خدمات کی تعریف بھی کی۔ پریس ریلیز میں طارق احمدقرا کو مہم کمیٹی کا نائب صدر مقرر کیے جانے کی بھی جانکاری دی گئی۔

اس کے علاوہ سیاسی امور کی کمیٹی اور کوآرڈنیشن کمیٹی کا چیف بھی غلام نبی آزاد کو بنایا گیا ہے۔ انتخابی منشور کمیٹی کے سربراہ پروفیسر سیف الدین سوز ہوں گے اور نائب سربراہ وکیل ایم کے بھردواج کو بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈسپلینری کمیٹی کا صدر تاج محی الدین اور نائب صدر کے کے پنگوترا کو مقرر کیا گیا ہے۔