دہلی

کانگریس کی ‘بھارت جوڑو’ یاترا کا مقصد نفرت کی دیوار کو توڑنا ہے: کانگریس

کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے حوالہ سے ایک ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے تاکہ لوگ آسانی سے یاترا سے جڑ سکیں اور بھارت یاترا سے متعلق مختلف پروگرام بھی دیکھ سکیں۔

نئی دہلی: کانگریس نے ”بھارت جوڑو“ یاترا کا مقصد بیان کرتے ہوئے منگل کے دن  کہا کہ اس میں سماج کے ہر طبقہ کو شامل کیا جائے گا اور ملک کے سامنے درپیش چیلنجوں سے سب کو ساتھ لے کر نمٹا جائے گا۔ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین ڈگ وجئے سنگھ اور پارٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جئے رام رمیش نے یاترا کی ٹیگ لائن‘ پمفلٹ‘  ویب سائٹ جاری کرنے کے بعد یہاں پارٹی کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔

اس یاترا میں مختلف نظریات سے تعلق رکھنے والے سماجی گروپوں اور تنظیموں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں اور یاترا کی روٹ پر جو بھی پروگرام ہوں گے اس میں مقامی مسائل پر بھی غور کیا جائے گا۔ اسے اب تک کی سب سے بڑی پد یاترا بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تک ملک میں اتنے بڑے پیمانہ پر کوئی پدیاترا نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی عوامی رابطہ مہم چلائی گئی ہے۔

بھارت جوڑو یاترا کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 طرح کے یاتری ہوں گے جس میں 100 پیدل چلنے والے ”بھارت یاتری“ ہوں گے جو شروع سے آخر تک یاترا میں پیدل چلیں گے۔ اس میں 100 مہمان یاتری بھی ہوں گے جو اُن علاقوں سے ہوں گے جہاں سے یاترا نہیں گزر رہی ہے اور تیسری ترتیب میں ان ریاستوں کے 100 یاتری ہوں گے جہاں سے یہ یاترا گزر رہا ہو گا۔

اس طرح اس پد یاترا کے دوران 300 یاتری ہر وقت موجود رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے لیے جو پمفلٹ تیار کئے گئے ہیں اس میں یاترا کی مکمل تفصیلات دی گئی ہیں۔ کانگریس کے لوگ اس پمفلٹ کو پورے ملک میں تقسیم کرنے اور ہر گھر تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے حوالہ سے ایک ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے تاکہ لوگ آسانی سے یاترا سے جڑ سکیں اور بھارت یاترا سے متعلق مختلف پروگرام بھی دیکھ سکیں۔

انہوں نے بھارت جوڑو یاتراکا مقصد بیان کرتے ہوئے  کہا کہ ملک میں نفرت کا ماحول ہے‘دستور کے جذبات کے خلاف کام ہو رہا ہے‘ دستوری اداروں کو گرایا جا رہا ہے‘ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے‘ بے روزگاری‘ روپے کی قدر میں کمی۔ صنعت کاروں کے قرض معاف کرنے جیسے اقدامات کے پیش نظر پارٹی نے اُدے پور کنونشن میں بھارت جوڑو یاترامنعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا کہ ملک کے ہر طبقہ اور ہر برادری کو نفرت چھوڑ کر بھارت جوڑومہم میں شامل ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شام 5 بجے شروع ہوگی اور کئی ریاستوں اور مرکز ی زیر انتظام علاقوں سے ہوتی ہوئی اپنے 3500 کلومیٹر کے سفر میں کشمیر پہنچے گی۔

یاترا نکالنے کے مقصد سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے صدرپارٹی راہول گاندھی کی یاترا سے منسلک سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ پیر کو یہاں ڈیڑھ گھنٹے تک ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیا اور کہا کہ آج ملک کو درپیش سماجی چیلنجوں کا سامنا ہے۔

بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات کی وجہ سے جس طرح ذات پات‘ زبان‘ طرز زندگی‘ برادری اور فرقہ کے نام پر سماجی پولرائزیشن ہو رہی ہے اور طاقت کے غلط استعمال سے سیاسی کشیدگی پیدا کی جا رہی ہے، ان تمام چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بھارت جوڑو یاترا شروع کی جا رہی ہے.۔