دہلی

کرشن بھگوان نے بھی ارجن کو جہاد کرنے کو کہا تھا

سینئر کانگریس قائد شیوراج پاٹل نے جمعرات کے دن دعویٰ کیا کہ جہادکا تصور صرف اسلام میں نہیں ہے بلکہ بھگود گیتا اور عیسائیت میں بھی یہ پایا جاتا ہے۔

نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد شیوراج پاٹل نے جمعرات کے دن دعویٰ کیا کہ جہادکا تصور صرف اسلام میں نہیں ہے بلکہ بھگود گیتا اور عیسائیت میں بھی یہ پایا جاتا ہے۔

بی جے پی نے اُن کے اِن ریمارکس پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ وہ ووٹ بینک کی سیاست کررہے ہیں۔ کانگریس کی بزرگ قائد اور سابق مرکزی وزیر محسنہ قدوائی کی سوانح کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق اسپیکر لوک سبھا و مرکزی وزیر شیوراج پاٹل نے کہا کہ مذہب اسلام میں جہاد پر بڑی بحث ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب نیت ٹھیک ہو تو اور سمجھانے سے کوئی نہ سمجھتا ہو تو پھر طاقت استعمال کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہندی میں ریمارک کیا کہ یہ صرف قرآن میں نہیں ہے بلکہ مہابھارت میں بھی‘ گیتا کے ایک حصہ میں بھی بھگوان کرشن نے ارجن کو جہاد کرنے کو کہا تھا۔

یہ صرف قرآن یا گیتا میں نہیں بلکہ عیسائیت میں بھی ہے۔ 87 سالہ قائد نے کہا کہ سب کچھ واضح کرنے کے باوجود جب لوگ نہ سمجھیں اور وہ لوگ ہتھیار اٹھائے چلے آئیں تو آپ راہ فرار اختیار نہیں کرسکتے۔ آپ اسے نہ تو جہاد کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی غلط قراردے سکتے ہیں۔ ہمیں سمجھنا ہوگا۔ شیوراج پاٹل نے کہا کہ محسنہ قدوائی کی کتاب میں بھی اپنے مذہب پر چلتے ہوئے تمام مذاہب کے احترام کی بات کہی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں امن کی ضرورت ہے۔ پاٹل کے ریمارکس پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان شہزاد پونا والا نے ٹویٹ کیا کہ عام آدمی پارٹی کے گوپال اٹالیہ اور راجندر پال کی ووٹ بینک کی سیاست کے بعد اب کانگریس کے شیوراج پاٹل کہنے لگے ہیں کہ بھگوان کرشن نے ارجن کو جہاد سکھایا تھا۔

کانگریس نے ہندو / بھگوا دہشت گردی کی اصطلاح وضع کی‘ رام مندر کی مخالفت کی‘بھگوان رام کے وجود پر سوال اٹھائے اور ہندوتوا کو اسلامک اسٹیٹ کے برابر ٹھہرایا۔ شیوراج پاٹل نے اپنے خطاب میں مختلف موضوعات پراظہارِ خیال کیا۔

پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے جمعہ کے دن کہا کہ پارٹی قائد اور سابق گورنر شیوراج پاٹل نے بھگود گیتا کے تعلق سے جو ریمارکس کئے وہ ناقابل قبول ہیں۔ اس نے کہا کہ بھگود گیتا ہندوستانی تہذیب کا ایک بنیادی ستون ہے۔

پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ٹویٹر پر کہا کہ میرے سینئر ساتھی شیوراج پاٹل نے کہا جاتا ہے کہ بھگود گیتا کے تعلق سے کچھ کہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ کانگریس کا موقف واضح ہے۔ بھگود گیتا ہندوستانی تہذیب کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے جواہر لال نہرو کی کتاب ڈسکوری آف انڈیا سے حوالے بھی دیئے۔