دہلی

اسپائس جیٹ کے ایک پائلٹ کا لائسنس معطل

اسپائس جیٹ نے اس مسئلہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ چوں کہ یہ ایک سنگین واقعہ تھا، اسی لیے ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹیگشن بیورو (اے اے آئی بی) اس معاملہ کی تحقیقات کررہا ہے۔

نئی دہلی: شہری ہوا بازی ریگولیٹر (ڈی جی سی اے) نے ممبئی تا درگا پور پرواز کے دوران طیارے کے ہچکولے کھانے جس کے نتیجہ میں کئی مسافر زخمی ہوگئے تھے، کی پاداش میں اسپائس جیٹ کے ایک پائلٹ کا لائسنس معطل کردیا ہے۔ یہ واقعہ یکم مئی کو پیش آیا تھا اور کم از کم 14 مسافر اور 3 ارکانِ عملہ زخمی ہوئے تھے۔

ڈی جی سی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے ہفتہ کے روز بتایاکہ پرواز کے پائلٹ اِن کمانڈ کا لائسنس مختلف خلاف ورزیوں کی پاداش میں 6 مہینوں کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ یہ پائلٹ ناسازگار موسم کے حالات سے بہتر انداز میں نمٹ سکتا تھا۔

 اسپائس جیٹ نے اس مسئلہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ چوں کہ یہ ایک سنگین واقعہ تھا، اسی لیے ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹیگشن بیورو (اے اے آئی بی) اس معاملہ کی تحقیقات کررہا ہے۔ اس طیارہ میں کم از کم 195 افراد بشمول 2 پائلٹ اور کیبن عملہ کے 4 ارکان سوار تھے۔

 قبل ازیں ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے کہا تھا کہ 14 مسافر اور کیبن عملہ کے 3 ارکان زخمی ہوئے ہیں، ان کے سر، ریڑھ کی ہڈی، کاندھے، پیشانی اور چہرے پر زخم آئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اسپائس جیٹ کی کئی پروازوں کو تکنیکی و دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔