دہلی

این ڈی اے میٹنگ میں چراغ پاسوان کی شرکت

نئی دہلی: لوک جن شکتی پارٹی(رام ولاس) کے قائد چراغ پاسوان نے اتوار کے دن صدارتی الیکشن کی تیاری پر بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت کی۔

پارلیمنٹ میں اس اجلاس میں ان کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ انہوں نے بہاراسمبلی الیکشن کے دوران این ڈی اے سے واک آؤٹ کردیاتھا۔ بعدازاں ان کی پارٹی میں پھوٹ پڑگئی تھی۔

ان کے چچا پشوپتی کمارپارس 5 ارکان پارلیمنٹ کو لے کر الگ ہوگئے تھے۔ پارس دھڑے کو لوک سبھا میں حقیقی ایل جے پی تسلیم کرلیاگیاتھا اور پشوپتی کمارپارس مودی حکومت میں وزیربنادئیے گئے تھے۔

چراغ پاسوان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ میٹنگ میں ان کی شرکت کا یہ مطلب نہیں کہ وہ پھر سے این ڈی اے کا حصہ بن گئے ہیں۔ وہ دیگر ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ میں پہنچے۔

جموئی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس اجلاس میں ان کی شرکت اس لئے ہوئی ہے کہ وہ این ڈی اے کے صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کی تائید کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں میٹنگ میں مدعو کیاگیاتھا اس لئے وہ چلے آئے۔ لیکن ان کی اس شرکت کا یہ مطلب نہ نکالاجائے کہ وہ پھر سے این ڈی اے کا حصہ بن گئے ہیں۔