شمالی بھارت

پون کھیڑا نے معافی مانگ لی چیف منسٹر آسام کا دعویٰ

چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے جمعہ کے دن دعویٰ کیا کہ کانگریس قائد پون کھیڑا نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اپنے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کے لئے ”غیرمشروط معافی مانگ لی ہے“۔

گوہاٹی: چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے جمعہ کے دن دعویٰ کیا کہ کانگریس قائد پون کھیڑا نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اپنے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کے لئے ”غیرمشروط معافی مانگ لی ہے“۔

ٹویٹر پر انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہمیشہ قائم رہتی ہے۔ ملزم نے غیرمشروط معافی مانگ لی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سرکاری عہدوں کا تقدس برقرار رکھا جائے گا۔

اب سے کوئی بھی غیرمہذب زبان استعمال نہیں کرے گا۔ آسام پولیس معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ چیف منسٹر نے اپنی پوسٹ کے ساتھ پون کھیڑا کی سپریم کورٹ میں داخل رٹ پٹیشن بھی شیئر کی۔

پون کھیڑا کو جمعرات کے دن اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے آسام پولیس کے عہدیداروں نے گرفتارکرلیا تھا۔ انہیں رائے پور جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ بعدازاں چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دوارکا کورٹ نے انہیں 28 فروری کو عبوری ضمانت دے دی۔