سوشیل میڈیا

75 لاکھ روپے کی لاٹری جیتنے کے بعد مزدور بھاگا سیدھے پولیس اسٹیشن، کیوں؟

ایس کے بدیش نے پولیس سے تحفظ طلب کیا کیونکہ وہ رسمی کارروائیوں سے واقف نہیں تھا اور خوفزدہ بھی تھا۔ وہ یہ سوچ کر پولیس اسٹیشن کی طرف بھاگا کہ کوئی اس کا لاٹری ٹکٹ نہ چھین لے۔

ترواننتا پورم: کیرالہ میں بنگال کے ایک مزدور نے 75 لاکھ روپے کی لاٹری جیتی اور گھبراہٹ کے عالم میں تحفظ کے لئے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا ایس کے بدیش اس وقت حیران رہ گیا جب اس نے کیرالہ حکومت کی 75 لاکھ روپے کی استری شکتی لاٹری جیتی۔ منگل کی رات لاٹری جیتنے کے بعد وہ سیدھے گھبراہٹ کے عالم میں پولیس اسٹیشن کی طرف بھاگا تاکہ اپنی رقم کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

ایس کے بدیش نے پولیس سے تحفظ طلب کیا کیونکہ وہ رسمی کارروائیوں سے واقف نہیں تھا اور خوفزدہ بھی تھا۔ وہ یہ سوچ کر پولیس اسٹیشن کی طرف بھاگا کہ کوئی اس کا لاٹری ٹکٹ نہ چھین لے۔

مواتوپوزہ پولیس نے اسے رسمی کارروائیوں سے آگاہ کیا اور ہر طرح کی حفاظت کا وعدہ کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایس کے بدیش نے اس سے پہلے بھی لاٹری میں اپنی قسمت آزمائی تھی لیکن وہ کبھی نہیں جیت سکا تھا۔ جب وہ اس لاٹری کے نتائج چیک کرنے بیٹھا تو اس بار بھی اسے جیتنے کی امید نہیں تھی۔

ایس کے بدیش، ایرناکولم کے چوٹانیکارا میں سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں میں سے ایک ہے۔ کیرالہ منتقل ہوئے اسے زیادہ عرصہ نہیں ہوا ہے۔ وہ ملیالم زبان سے واقف نہیں ہے۔ لاٹری جیتنے کے بعد اس نے اپنے دوست کمار کو بھی مدد کے لئے بلالیا ہے۔

ایس کے بدیش نے رقم ملنے کے بعد بنگال میں اپنے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسے امید ہے کہ وہ اپنے گھر کی تزئین و آرائش کرے گا اور کیرالہ میں چمکی قسمت سے اپنے گاؤں میں زراعت کے پیشہ کو آگے بڑھائے گا۔