دہلی

راہول گاندھی اور دیگر کئی کانگریس لیڈر حراست میں

راہول گاندھی نے کہاکہ آمریت دیکھئے ، پرامن مظاہرے نہیں کر سکتے، مہنگائی اور بے روزگاری پر بات نہیں کر سکتے۔ پولیس اور ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے، یہاں تک کہ ہمیں گرفتار کر کے بھی آپ ہمیں کبھی خاموش نہیں کر پاو گے۔

نئی دہلی: کانگریس نے منگل کو کہا کہ پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی سمیت کئی لیڈر حکومت کے آمرانہ رویہ کے خلاف نو منتخب صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کرنے کے لئے راشٹرپتی بھون جا رہے تھے تو انہیں راستے میں روک دیا گیا اور گاندھی سمیت تمام کو حراست میں لے لیا گیا۔

حکومت کے رویہ کو آمرانہ قرار دیتے ہوئے گاندھی نے کہاکہ آمریت دیکھئے ، پرامن مظاہرے نہیں کر سکتے، مہنگائی اور بے روزگاری پر بات نہیں کر سکتے۔ پولیس اور ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے، یہاں تک کہ ہمیں گرفتار کر کے بھی آپ ہمیں کبھی خاموش نہیں کر پاو گے۔” "صرف ‘سچ’ ہی اس آمریت کو ختم کرے گا۔”

کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے کہا کہ مانسون اجلاس کے آغاز سے ہی پارلیمنٹ میں کوئی کام نہیں ہوا، اپوزیشن مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن حکومت اپوزیشن جماعتوں کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ حق کی لڑائی لڑ رہے کانگریس کے چار لوک سبھا ممبران کو پورے اجلاس کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے حق کے لئے لڑ رہی ہے اور اس کے ممبران پارلیمنٹ آج صدر جمہوریہ کو یہ بتانے جارہے تھے کہ حکومت کے اڑیل رویہ کی وجہ سے پارلیمنٹ نہیں چل رہی ہے لیکن انہیں صدر سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔