دہلی

صدورِ مدارس کے ساتھ سسوڈیہ کی ملاقات

یومِ اساتذہ سے قبل دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے جن کے پاس تعلیم کا قلمدان بھی ہے، اتوار کے روز دہلی کے سرکاری اسکولوں کے بعض سربراہوں کے ساتھ ناشتہ پر اسکولوں، طلباء اور اساتذہ کی بہتری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

نئی دہلی: یومِ اساتذہ سے قبل دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے جن کے پاس تعلیم کا قلمدان بھی ہے، اتوار کے روز دہلی کے سرکاری اسکولوں کے بعض سربراہوں کے ساتھ ناشتہ پر اسکولوں، طلباء اور اساتذہ کی بہتری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

سسوڈیہ نے اس میٹنگ میں اسکولوں میں نئے اور منفرد تجربات کرنے، دیگر اسکولوں کو ان سے واقف کرانے اور اسکولوں و برادری کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے کے بارے میں گفتگو کی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ان اساتذہ سے اظہارِ ممنونیت کیا جنہوں نے اپنے کام سے لاکھوں بچوں کو متاثر کیا اور ان کی زندگی کو بہتر بنایا۔

سسوڈیہ نے اس موقع پر کہا بحیثیت ِ وزیر تعلیم مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے اسکولی سربراہان مسلسل انوکھے تجربات کررہے ہیں، تاکہ اسکولوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور اساتذہ و طلباء کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔ وہ لوگ نئے نئے طریقوں پر غور کررہے ہیں اور اختراعات کو اختیار کررہے ہیں۔

آج نہ صرف دہلی بلکہ سارا ملک ہمارے اسکولی سربراہوں کے بہترین کام پر فخر کرتا ہے، کیوں کہ حکومت اور اسکولوں کے درمیان اسکولی سربراہ واحد رابطہ ہوتا ہے، جو اسکول سے متعلق تمام پالیسیوں کی بنیادی سطح پر عمل آوری کو یقینی بناتا ہے اور یہ دیکھتا ہے کہ ہر بچہ اس سے مثبت اندازمیں متاثر ہو۔

دہلی کے سرکاری اسکولوں میں آج جو تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں، وہ صرف ہمارے صدورِ مدارس کی وجہ سے ممکن ہوسکی ہیں۔ ہم نے اپنے تمام ساتھی اساتذہ کے اختراعی خیالات کو فروغ دیتے ہوئے بہتر مظاہرہ کرنے اپنے اساتذہ اور طلباء کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے۔