امریکہ و کینیڈا

طیارے میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، کئی افراد زخمی

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر امدادی ٹیم کو اس وقت جیٹ بلیو کے جہاز کو خالی کروانا پڑا جب ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی۔

واشنگٹن: امریکہ کے شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر ایک طیارے میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، آگ بجھانے کے بعد طیارے کو خالی کروا لیا گیا، اس دوران 7 مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر امدادی ٹیم کو اس وقت جیٹ بلیو کے جہاز کو خالی کروانا پڑا جب ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جہاز ٹرمینل 5 کے گیٹ کی جانب جا رہا تھا جب لیپ ٹاپ کی بیٹری میں آگ لگ گئی۔ بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن سے آنے والی جیٹ بلیو کی اس فلائٹ میں عملے نے فوری طور پر آگ بجھا دی۔

اس کے بعد امدادی ٹیم نے جہاز کو ایمرجنسی سلائیڈ سسٹم کے ذریعے مسافروں سے خالی کروا لیا، حکام کے مطابق سات مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

جیٹ بلیو نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری پہلی ترجیح تحفظ ہے، ایف اے اے اور این ٹی بی ایس کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔