دہلی

مرکزی حکومت کا سالانہ کیلنڈر دو سال کے وقفے کے بعد شائع

کووڈ کی مدت میں دو سال کے وقفے کے بعد، حکومت نے روایتی طور پر سال 2023 کا سالانہ کیلنڈر شائع کیا ہے جس کی تھیم ’نیو ایر نیو ریزولوشن‘ ہے۔

نئی دہلی: کووڈ کی مدت میں دو سال کے وقفے کے بعد، حکومت نے روایتی طور پر سال 2023 کا سالانہ کیلنڈر شائع کیا ہے جس کی تھیم ’نیو ایر نیو ریزولوشن‘ ہے۔

اطلاعات کی نشریات، کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج یہاں نیشنل میڈیا سینٹر میں سالانہ کیلنڈر کی نقاب کشائی کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیلنڈر وزیر اعظم نریندر مودی کے سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواس کے منتر کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیلنڈر میں پیش کی گئیں 12 تصویریں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ہندوستان کی موثر تصویریں ہیں جو ملک کی ترقی اور عوامی بہبود کے 12 جہتوں پر مبنی ہیں۔ یہ تصویریں بتاتی ہیں کہ کس طرح حکومت نے اپنے فلاحی فیصلوں کو زمینی سطح پر نافذ کیا اور کس طرح عام لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔

مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ حکومت کی کامیابیوں کے علاوہ کیلنڈر کے اس ایڈیشن میں مستقبل کے لیے عزائم بھی دکھائی گئی ہیں۔ اسی لیے اس سال کیلنڈر کی تھیم ’نیو ایئر نیو ریزولوشن‘ رکھا گیا ہے۔ یہ کیلنڈر ہندی اور انگریزی سمیت 13 زبانوں میں شائع ہوا ہے۔ اسے تمام سرکاری دفاتر، پنچایتی راج اداروں، صحت مراکز، نوودیا اور کیندریہ ودیالیوں، بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر اور ضلع مجسٹریٹ دفاتر کو بھیجا جائے گا۔ اسے پبلک سیکٹر کے اداروں اور خود مختار اداروں میں خریدا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے کیلنڈر کی تقریباً 11 لاکھ کاپیاں شائع ہو چکی ہیں اور ڈھائی لاکھ کاپیاں علاقائی زبانوں میں پنچایتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔

اس سے قبل سال 2020 میں مرکزی حکومت کا کیلنڈر باقاعدہ طور پر شائع ہوا تھا۔ کووڈ کی مدت کے دوران، سال 2021 اور 2022 میں سالانہ کیلنڈر ڈیجیٹل شکل میں جاری کیا گیا تھا۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر نے پرسار بھارتی، سنٹرل بیورو آف کمیونیکیشنز اینڈ پیپر رجسٹرار کی کامیابیوں کے بارے میں بتایا اور صحافیوں کی فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا۔

اس موقع پر سینٹرل بیورو آف کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل منیش دیسائی بھی موجود تھے۔