دہلی

مرکز نے ٹرمپ کے دورہ پر 38 لاکھ روپے خرچ کئے تھے

ٹرمپ نے احمدآباد‘ آگرہ اور نئی دہلی کا 24-25 فروری 2020کو دورہ کیا تھا۔ انہوں نے 24 فروری کو احمدآباد میں 3 گھنٹے گزارے تھے جس کے دوران انہوں نے 22 کیلو میٹر طویل روڈ شو میں شرکت کی تھی۔

نئی دہلی: مرکز نے سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے 2020میں ملک کے 36 گھنٹے طویل سرکاری دورہ پر قیام و طعام اور حمل و نقل کے لئے 38لاکھ روپے خرچ کئے۔ وزارت ِ خارجہ نے سنٹرل انفارمیشن کمیشن کو یہ بات بتائی۔ ہندوستان کے اولین دورہ پر ٹرمپ کے ہمراہ ان کی شریک حیات میلانیا‘ دختر ایوانکا‘ داماد جیرڈ کشنر اور کئی اعلیٰ عہدیدار تھے۔

انہوں نے احمدآباد‘ آگرہ اور نئی دہلی کا 24-25  فروری 2020کو دورہ کیا تھا۔ انہوں نے 24  فروری کو احمدآباد میں 3 گھنٹے گزارے تھے جس کے دوران انہوں نے 22 کیلو میٹر طویل روڈ شو میں شرکت کی تھی۔ سابرمتی آشرم میں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا تھا اور نوتعمیر شدہ موتیرا کرکٹ اسٹیڈیم میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک بڑے جلسہ ”نمستے ٹرمپ“ میں حصہ لیا تھا۔

بعدازاں ٹرمپ اسی دن بذریعہ طیارہ آگرہ پہنچے تھے اور تاج محل کا مشاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے 25  فروری کو قومی دارالحکومت کا دورہ کیا تھا جہاں مودی کے ساتھ باہمی بات چیت ہوئی تھی۔

 مشال بھاتینا نامی شخص نے آر ٹی آئی کے ذریعہ وزارت ِ خارجہ سے جاننا چاہا تھا کہ حکومت ِ ہند نے فروری 2020میں امریکی صدر و خاتون اول کے دورہ پر کتنے مصارف کئے تھے اور ان کی غذا‘ سیکوریٹی‘ قیام‘ پروازوں اور ٹرانسپورٹ پر کتنی رقم خرچ کی گئی تھی۔