دہلی

منیش سسوڈیہ بھارت رتن کے مستحق: اروند کجریوال

کجریوال نے کہا کہ 5 سال میں چمتکار کرنے والے شخص پر سی بی آئی دھاوا کراتے ہوئے تمہیں شرم نہیں آتی۔ منیش سسوڈیہ کو تو بھارت رتن ملنا چاہیے۔

احمد آباد / نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے پیر کے دن کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے پر بھارت رتن کے مستحق ہیں، لیکن اس کے بجائے مرکز سیاسی مقاصد سے ان کا پیچھا کررہا ہے۔

کجریوال نے ایک ماہ میں گجرات کے پانچویں دورہ میں احمد آباد میں کہاکہ اخبار نیویارک ٹائمز ہمارے ایجوکیشن ماڈل کی تعریف کرچکا ہے۔ سسوڈیہ کی ستائش کرنے کے بجائے اُن کا تعاقب کیا جارہا ہے۔

کجریوال نے کہا کہ 5 سال میں چمتکار کرنے والے شخص پر سی بی آئی دھاوا کراتے ہوئے تمہیں شرم نہیں آتی۔ منیش سسوڈیہ کو تو بھارت رتن ملنا چاہیے۔

عام آدمی پارٹی کنوینر نے اندیشہ ظاہر کیا کہ سسوڈیہ کو عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسے پتہ مجھے بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

یہ سب کچھ گجرات اسمبلی الیکشن کے مد ِ نظر ہورہا ہے۔ کجریوال نے کہا کہ گجرات کے عوام دکھی ہیں۔ وہ ریاست میں گذشتہ 27 سال سے بی جے پی حکومت کا گھمنڈ جھیل رہے ہیں۔ گجرات میں جاریہ سال اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے۔