دہلی

وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نئی دہلی پہنچ گئیں

شیخ حسینہ کل وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی تعلقات پر بات چیت کریں گی۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر آج شام ہندوستان کے دورہ پر آئی بنگلہ دیش کی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

نئی دہلی: بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ آج 4 روزہ دورہ پر نئی دہلی پہنچ گئی۔ اپنے دورہ میں وہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو،نائب صدر جگدیپ دھنکر سے ملاقات کریں گی۔ شیخ حسینہ کل وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی تعلقات پر بات چیت کریں گی۔

 وزیر خارجہ ایس جئے شنکر آج شام ہندوستان کے دورہ پر آئی بنگلہ دیش کی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ شیخ حسینہ نے آخری مرتبہ اکتوبر 2019 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔

ہندوستان کی ”پڑوسی پہلے“ کی پالیسی کے تحت بنگلہ دیش ایک اہم شراکت دار ہے۔ دونوں کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ وسیع تر تعاون میں جن میں سکیورٹی، تجارت اور کامرس، بجلی اور توانائی، ٹرانسپورٹ اور کنکٹیویٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی، دفاع، ندیاں اور بحری امور شامل ہیں۔

 بنگلہ دیش اب جنوبی ایشیا میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ پچھلے پانچ سال میں دوطرفہ تجارت 9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 18 ارب ڈالر ہوگئی۔ پچھلے سال بنگلہ دیش کی آزادی کی 50 سالگرہ، دوطرفہ رشتوں کے 50 سال اور شیخ مجیب الرحمن کا 100 واں یوم پیدائش منایا گیا تھا۔

 دہلی اور ڈھاکہ سمیت دنیا کی 50 دارالحکومتوں میں میتری دیوس منایا گیا تھا۔  یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان کثیر جہتی رشتوں کو مزید مستحکم کرے گا جو مضبوط تاریخی اور ثقافتی روابط کی بنیاد پر قائم ہیں۔