شمالی بھارت

مسلم نوجوان کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر ڈالا

راجستھان کے الور ضلع کی بانسور تحصیل کے رام پور علاقے میں جمعرات کو ایک 27 سالہ مسلم نوجوان کو لوگوں کے ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کرڈالا کیونکہ ان کے مطابق وہ جنگل میں غیرقانوی طور پر لکڑیاں کاٹ رہا تھا۔

حیدرآباد: راجستھان کے الور ضلع کی بانسور تحصیل کے رام پور علاقے میں جمعرات کو ایک 27 سالہ مسلم نوجوان کو لوگوں کے ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کرڈالا کیونکہ ان کے مطابق وہ جنگل میں غیرقانوی طور پر لکڑیاں کاٹ رہا تھا۔

متعلقہ خبریں
پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کیس، للت جھا کی تحویل میں توسیع
گنیش وسرجن یاترا کے دوران افضل نامی شخص کا لڑکی پر جنسی حملہ، ملزم فائرنگ میں زخمی

اس حملہ میں وسیم کے دیگر دو ساتھی بھی زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں نے تین افراد پر حملہ کیا ان میں جنگلات کے اہلکار بھی شامل تھے۔ نیم رانا کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جاگرام مینا نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آنے والے اس واقعہ کے سلسلے میں دو سے تین لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نرول گاؤں میں لڑائی کی اطلاع ملنے پر ہرسورہ کی پولیس گاؤں پہنچی اور تین زخمیوں کو سڑک پر پڑے پایا۔ ان میں سے ایک شدید زخمی تھا۔ حملہ آور پولیس والوں کے پہنچنے سے پہلے ہی وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔ ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا اور علاج کے دوران ایک شخص (وسیم) کی موت ہو گئی۔

زخمیوں کے رشتہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ وسیم ایک پک اپ جیپ چلا رہا تھا جس میں اس کا کزن آصف اور ایک دوست اظہر الدین اس کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ نارول گاؤں کے قریب ایک ہجوم نے گاڑی کو روکا اور مبینہ طور پر ان پر حملہ کردیا۔

انہوں نے یہ الزام لگایا کہ وہ علاقے میں غیر قانونی طور پر درختوں کو گرانے اور ان کی لکڑیاں کاٹنے کے لئے گھوم رہے تھے۔ راجستھان بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر ارون نے الزام لگایا کہ راجستھان میں امن و امان تباہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الور جرائم کی راجدھانی کے طور پر ابھرا ہے۔

اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہئے۔ اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے راجستھان کے وزیر پرتاپ کھچاریاواس نے کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندان کو ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی۔ پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی تو پولیس کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے اس واقعہ پر بی جے پی کی تنقیدوں کی مذمت کرتے ہوئے پوچھا کہ بی جے پی نوح میں کیا کر رہی ہے؟ آگ میوات کے پورے علاقے میں پھیل گئی ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق راجستھان میں امن و امان کی صورتحال اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور ہریانہ سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بکواس کرتی ہے۔