دہلی

ہندوستان کے خلاف منفی پروپگنڈہ‘ 8 یوٹیوب چیانلوں پر پابندی

یہ تمام یوٹیوب چیانلس خبروں سے متعلق تھے اور ان پر انفارمیشن ٹکنالوجی قواعد 2021 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان میں ایک چیانل کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

نئی دہلی: وزارت ِ اطلاعات ونشریات نے قومی سلامتی‘ مختلف ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات اور نظم وضبط کے بارے میں منفی پروپگنڈہ کرنے کے الزام میں 8 یوٹیوب چیانلوں پر امتناع عائد کردیا ہے جن کے منجملہ 7 ہندوستان سے اور ایک پاکستان سے چلایا جارہا تھا۔

 یہ تمام یوٹیوب چیانلس خبروں سے متعلق تھے اور ان پر انفارمیشن ٹکنالوجی قواعد 2021 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان میں ایک چیانل کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

ان یوٹیوب چیانلوں نے مخالف ہند مواد کو مونیٹائز کررکھا تھا اور مختلف ویڈیوز میں جھوٹے دعوے کئے گئے تھے۔ ان چیانلوں کا مواد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثرکرنے والا اور ملک میں نظم وضبط کو درہم برہم کرنے والا پایا گیا۔ بلاک کئے گئے یوٹیوب چیانلوں کو 114 کروڑ بار دیکھا گیا تھا اور ان کے 85 لاکھ 73 ہزار سبسکرائبر ہیں۔

 وزارت ِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جن یوٹیوب چیانلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ہندوستان سے چلائے جانے والے لوک تنتر ٹی وی‘ یو اینڈ وی ٹی وی‘ اے ایم رضوی‘ گورؤ شالی‘ پون میتھلانچل‘ سی ٹاپ 5 ٹی ایچ‘ سرکاری اَپ ڈیٹ اور سب کچھ دیکھو نامی چیانل شامل ہیں۔ پاکستان سے کارکرد یوٹیوب چیانل کا نام نیوز کی دنیا ہے۔ وزارت نے لوک تنتر ٹی وی کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگادی ہے۔