یوگی کی نفرت انگیز تقریر‘ سپریم کورٹ میں اپیل خارج
درخواست گزار پرویز پرواز اور دیگر نے ہائی کورٹ کے احکام کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ مکل روہتگی نے کہا کہ 2008میں درخواست گزار نے ایک سی ڈی دی تھی جو ٹوٹی ہوئی تھی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے دن ایک اپیل خارج کردی جو 2007 کے مبینہ نفرت انگیز تقریر کیس میں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف کارروائی کی اجازت نہ دینے پر دائر ہوئی تھی۔ چیف جسٹس این وی رمنا کی بنچ نے اپیل خارج کی۔
گورکھپور میں 2007 میں کی گئی تقریر کے معاملہ میں عدالت نے 24 اگست کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ دوران ِ سماعت سینئر وکیل مکل روہتگی نے حکومت ِ اترپردیش کی نمائندگی کرتے ہوئے چیف جسٹس رمنا کی بنچ سے کہا کہ کیس میں کوئی دم نہیں‘ سی ایف ایس ایل کو بھیجی گئی سی ڈی سے چھیڑچھاڑ کا پتہ چلا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آپ ایک مردہ گھوڑے پر 15 سال بعد صرف اس لئے چابک نہیں مارسکتے کہ وہ شخص آج یوپی کا چیف منسٹر ہے۔ فروری 2018 میں ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ اسے کارروائی کی اجازت دینے سے انکار میں کوئی غلطی نہیں دکھائی دیتی۔
درخواست گزار پرویز پرواز اور دیگر نے ہائی کورٹ کے احکام کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ مکل روہتگی نے کہا کہ 2008میں درخواست گزار نے ایک سی ڈی دی تھی جو ٹوٹی ہوئی تھی۔ 5 سال بعد اس نے دوسری سی ڈی دی جس سے چھیڑچھاڑ کی گئی تھی۔