دہلی

”اسپوکن انگلش“ کورس شروع کرنے کجریوال کا اعلان

چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اعلان کیا کہ حکومت ِ دہلی کی جانب سے شہر میں 50 مراکز پر ”اسپوکن انگلش“ (انگریزی بول چال) کورس شروع کیا جائے گا۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اعلان کیا کہ حکومت ِ دہلی کی جانب سے شہر میں 50 مراکز پر ”اسپوکن انگلش“ (انگریزی بول چال) کورس شروع کیا جائے گا۔

آن لائن پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ کوئی شخص جو 12ویں کامیاب ہے اور 18 تا 35 سال عمر کا ہے، پروگرام میں حصہ لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو داخلہ دیا جائے گا، جہاں انہیں انگریزی بول چال میں مہارت کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

پہلے مرحلہ میں 50 مراکز پر ایک لاکھ افراد کی تربیت کی جائے گی۔ اس کورس سے انہیں ملازمت حاصل کرنے اور اپنی شخصیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ کجریوال نے مزید کہا کہ کورس کے لیے کوئی فیس نہیں ہوگی، تاہم بطورِ سیکوریٹی 950 روپئے جمع کرنے ہوں گے۔

مکمل حاضری کے ساتھ کورس مکمل ہونے پر یہ رقم واپس کی جائے گی۔ کورس کی مدت تین تا چار ماہ ہوگی۔ ہفتہ واری چھٹی کا انتخاب کرنے کی آزادی رہے گی اور ملازم افراد کو شام کے اوقات میں بھی حاضری کا موقع حاصل رہے گا۔ داخلہ کے لیے انگریزی سے شدھ بدھ واقفیت اور آٹھویں جماعت تک انگریزی کی تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورس کا اہتمام دہلی اسکل انٹرپرینور شپ یونیورسٹی“ کرے گی اور کورس بین الاقوامی معیار کا ہوگا، کیوں کہ کیمرج یونیورسٹی کی جانب سے اس کا جائزہ لیا جائے گا۔