دہلی

انڈین بینک کے 4 سابق عہدیداروں کو سزائے قید

سی بی آئی نے انڈین بینک کی شکایت پر کیس درج کیا تھا۔ بینک نے الزام عائد کیا تھا کہ کرن اوورسیز لمیٹڈ اور اس کے ڈائرکٹرس نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ذریعہ بینک کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔

نئی دہلی: چینائی کی ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے انڈین بینک کے چار سابق عہدیداروں کو جن میں چیف منیجر بھی شامل ہے، ایک فراڈ کیس میں تین سال کی سزائے قید سنائی ہے، جس کی وجہ سے بینک کو 39.18 کروڑ روپئے کا نقصان پہنچا تھا۔

عدالت نے جرم کے ارتکاب پر ان تمام پر دس دس ہزار روپئے فی کس جرمانہ بھی کیا۔ خاطیوں میں سابق چیف منیجر عزیز، سابق سینئر منیجر جی وی سرینواسن، سابق جنرل منیجر ایس اروناچلم شامل ہیں۔ عدالت نے کرن اوورسیز لمیٹڈ کے رنجیو بترا اور اس کی بیوی کرن بترا کو بھی 37 ماہ کی قید بامشقت اور جرمانہ کی سزا سنائی، کیوں کہ وہ بھی اس سازش میں ملوث تھے۔

سی بی آئی نے انڈین بینک کی شکایت پر کیس درج کیا تھا۔ بینک نے الزام عائد کیا تھا کہ کرن اوورسیز لمیٹڈ اور اس کے ڈائرکٹرس نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ذریعہ بینک کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ ملزمین نے سازش کے ایک حصہ کے طور پر جعلی اور جھوٹے دستاویزات داخل کیے تھے۔

 چاروں سابق عہدیداروں نے انڈین بینک کے مالی مفادات کو محفوظ بنائے بغیر اور منظوری حاصل کیے بغیر قرض کی رقم جاری کردی تھی۔ ملزمین قرض کی بازادائیگی میں ناکام رہے تھے، جس کی وجہ سے بینک کو 39.18 کروڑ روپئے کا نقصان پہنچا تھا۔ تحقیقات کے بعد ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔