دہلی

بلقیس بانو کیس‘ غیرمتعلقہ درخواست گزاروں پر رادھے شیام کا اعتراض

درخواست کا قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے رادھے شیام نے کہا کہ اگرعدالت میں ایسی درخواستوں کو سماعت کیلئے قبول کیاگیا تو کوئی بھی کسی بھی فوجداری معاملہ میں عدالت پہنچ جائے گا۔

نئی دہلی: بلقیس بانوعصمت ریزی کیس کے ایک سزا یافتہ نے سوال کیا ہے کہ جن لوگوں نے سپریم کورٹ میں اس کی اور دیگر 10 خاطیوں کی رہائی کوچیالنج کیا ہے انہیں اس کا کیا حق ہے۔ اس نے کہا کہ یہ لوگ معاملہ سے پوری طرح سے بیگانہ ہیں۔

جوابی حلفنامہ میں رادھے شیام نے کہاکہ کسی بھی درخواست گزار کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ لوگ یاتو سیاسی جہدکار ہیں یا تھرڈپارٹی اجنبی ہیں۔ درخواست کا قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے اس نے کہا کہ اگرعدالت میں ایسی درخواستوں کو سماعت کیلئے قبول کیاگیاتو کوئی بھی کسی بھی فوجداری معاملہ میں عدالت پہنچ جائے گا۔

اس نے ایک درخواست گزار سی پی آئی ایم قائدسبھاشنی علی پر انگلی اٹھائی۔ اس نے درخواست گزارنمبر2 ریوتی لال کی طرف بھی نشاندہی کی جو آزاد صحافی ہونے کا دعویٰ کرتی ہے جبکہ درخواست گزار نمبر 3 روپ ریکھاورما لکھنو یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں۔