دہلی

بٹوارے کی تلخ یادوں کا سیاسی فائدہ اٹھاناغلط:جئے رام رمیش

جئے رام رمیش نے ٹوئٹ کیاکہ چیف منسٹرکرناٹک نے جو اپنا عہدہ بچانے کیلئے ہاتھ پیر ماررہے ہیں‘ اپنے باپ ایس آربومائی اور اپنے باپ کے پہلے سیاسی گرو ایم این رائے کی بے عزتی کی ہے۔ یہ دونوں نہرو کے مداح تھے۔

نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کے دن الزام عائد کیاکہ 14اگست کو بٹوارے کی تلخ یادوں کا دن منانے کا وزیراعظم مودی کا حقیقی مقصد اپنی موجودہ سیاسی جنگوں کیلئے بارود اکٹھا کرنا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ برصغیر کی تقسیم کے المیہ کو نفرت اور تعصب کو ہوا دینے کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کو شکست دی جائے گی اور کانگریس مہاتماگاندھی‘ جواہرلال نہرو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ورثہ کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کو متحد کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ وزیراعظم مودی نے گذشتہ برس اعلان کیاتھا کہ 14اگست کو بٹوارے کی تلخ یادوں کا دن منایاجائے گا۔

جئے رام رمیش نے سلسلہ وارٹوئٹس میں کہا کہ بٹوارے میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور کئی نے اپنی جانیں گنوائیں۔ ان کی قربانیوں کو نہ تو فراموش کیاجائے اور نہ ان کی بے عزتی کی جائے۔ بٹوارے کے المیہ کا بیجااستعمال نفرت اور تعصب کو ہوا دینے کیلئے نہیں کیاجاسکتا۔

سچ تو یہ ہے کہ دوقومی نظریہ سب سے پہلے ساورکرنے پیش کیاتھا جسے بعد میں جناح نے آگے بڑھایاتھا۔ سردار پٹیل نے لکھاتھا کہ میرے خیال میں ہم نے بٹوارا قبول نہیں کیاتو ہندوستان کے کئی ٹکڑے ہوجائیں گے اور وہ پوری طرح بربادہوجائے گا۔

 کانگریس قائد نے سوال کیاکہ آیا وزیراعظم آج شیاماپرساد مکرجی کو بھی یادکریں گے۔ جن سنگھ کے اس بانی نے شردچندربوس کی مخالفت کرتے ہوئے بنگال کی تقسیم کی وکالت کی تھی۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ دورجدید کے ساورکر اور جناح ملک کو بانٹنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نفرت کی سیاست کو ہرائے گی۔ وہ ملک کو متحد کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔ 1947ء میں بٹوارے کے نتیجہ میں علٰحدہ ملک پاکستان وجود میں آیاتھا۔ آئی اے این ایس کے بموجب حکومت کرناٹک کے اشتہار میں ملک کے پہلے وزیراعظم جواہرلال نہرو کا تذکرہ نہ ہونے پر کانگریس نے سخت اعتراض جتایا۔

جئے رام رمیش نے ٹوئٹ کیاکہ چیف منسٹرکرناٹک نے جو اپنا عہدہ بچانے کیلئے ہاتھ پیر ماررہے ہیں‘ اپنے باپ ایس آربومائی اور اپنے باپ کے پہلے سیاسی گرو ایم این رائے کی بے عزتی کی ہے۔ یہ دونوں نہرو کے مداح تھے۔

حکومت کرناٹک نے اپنے اشتہار میں 12مجاہدین آزادی کی تصاویر شائع کیں جن میں مہاتماگاندھی‘ سردار پٹیل‘ چندرشیکھرآزاد اور مولانا ابوالکلام آزاد شامل ہیں لیکن نہرو کی کوئی تصویر نہیں۔ دوسری طرف بی جے پی نہرو کو بٹوارے کیلئے ذمہ دار ٹہراتی ہے۔