دہلی

بی جے پی، حکومت ِ پنجاب کو گرانے کی کوششوں میں مصروف: اروند کجریوال

کجریوال اور عام آدمی پارٹی نے حال ہی میں بی جے پی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ دہلی میں آپریشن لوٹس چلانے اور ارکانِ اسمبلی کو انحراف کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔

نئی دہلی: اروند کجریوال نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے بی نے حکومت ِ پنجاب کو گرانے کی کوشش کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے 10 ارکانِ اسمبلی سے ربط پیدا کیاتھا۔ اروند کجریوال نے کہا کہ وہ لوگ ارکانِ اسمبلی کو خرید رہے ہیں اور حکومتیں توڑ رہے ہیں۔

 کجریوال اور عام آدمی پارٹی نے حال ہی میں بی جے پی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ دہلی میں آپریشن لوٹس چلانے اور ارکانِ اسمبلی کو انحراف کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ بی جے بی نے دہلی میں ناکام ہونے کے بعد اپنی توجہ پنجاب پر مرکوز کردی ہے۔

آپریشن لوٹس ایک ایسی اصطلاح ہے جو اپوزیشن جماعتیں، بی جے پی کی جانب سے ارکانِ اسمبلی کی غیرقانونی خرید و فروخت کا حوالہ دینے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

پنجاب کے وزیر ہرپال چیما نے الزام عائد کیا کہ عاپ ارکانِ اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ بڑے قائدین سے ملاقات کے لیے دہلی آئیں۔ پارٹی بدلنے کے لیے انہیں کروڑوں روپئے کی پیشکش کی گئی ہے۔

چیما نے پارٹی کے ایک رکن اسمبلی کو موصول ہونے والی فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہلی آئیں، آپ کی ملاقات بڑے بی جے پی قائدین سے کرائی جائے گی۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں اروند کجریوال کی زیرقیادت پارٹی نے بی جے پی پر مرکزی ایجنسیوں کے بے جا استعمال کاالزام عائد کیاتھا اور کہا تھا کہ قومی جماعت میں شامل ہونے کے لیے اس کے بعض ارکانِ اسمبلی کو 20 کروڑ روپئے فی کس کی پیشکش کی گئی تھی۔

 چیما نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی پارٹی بدلنے کے لیے ہر ایم ایل اے کو 25 کروڑ روپئے فی کس کی پیشکش کررہی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کرناٹک میں آپریشن لوٹس کامیاب ہوچکا ہو، لیکن دہلی کے ارکانِ اسمبلی لالچ میں نہیں آئے اور بی جے پی کا آپریشن ناکام ہوگیا۔

 انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں حکومت تبدیل ہوتی ہے، آپ کو (ارکانِ اسمبلی کو) بڑے عہدوں کا لالچ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ کئی ارکانِ اسمبلی کو فون کالس موصول ہوئی ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ بھگونت مان حکومت کو گرائیں۔

بی جے پی نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔ پارٹی کے سبھاش شرما نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر ہرپال چیما نے بی جے پی کے خلاف بے بنیاد الزام عائد کیا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو گرانے کی کوشش کررہی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی میں ایک بڑی پھوٹ پڑنے والی ہے۔ کجریوال کی مدافعت کی وجہ سے یہ پارٹی ٹوٹنے کے قریب ہے۔