دہلی

بی جے پی ہمارے کونسلرس کو خریدنے کی کوشش کررہی ہے: اروند کجریوال

چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ہفتہ کے دن کہا کہ انتخابی مہم کے دوران تعینات ”ہیوی بی جے پی مشینری“ نے ایم سی ڈی الیکشن انتہائی دشوار بنادیا تھا۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ہفتہ کے دن کہا کہ انتخابی مہم کے دوران تعینات ”ہیوی بی جے پی مشینری“ نے ایم سی ڈی الیکشن انتہائی دشوار بنادیا تھا۔

انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ عام آدمی پارٹی کے کونسلرس کو ”خریدنے“ کی کوشش کررہی ہے۔ نومنتخب کونسلرس سے خطاب میں کجریوال نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کونسلرس کو فون کرنا اور 20 لاکھ روپے کی آفر دینا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ انتہائی کٹھن الیکشن تھا۔ بعض لوگ اسے آسان الیکشن کہتے ہیں لیکن یہ آسان نہیں تھا۔ بی جے پی والوں نے جس طرح ہمارے خلاف سازش کی اور سرکاری مشینری کو جس طرح استعمال کیا اس سے ہم نے آج تک جتنے الیکشن لڑے ان میں یہ الیکشن انتہائی کٹھن ہوگیا تھا۔

جیل میں بند عام آدمی پارٹی وزیر ستیندر جین کے ویڈیوز کے حوالہ سے چیف منسٹر نے کہاکہ بی جے پی نے ہمارے خلاف پروپگنڈہ کے لئے میڈیا پر دباؤ ڈالا۔ اروند کجریوال نے کونسلرس سے کہا کہ بی جے پی والے آپ کو خریدنے کی کوشش کریں گے۔ کونسلرس کو فون آنے شروع ہوگئے ہیں۔

کسی کو 10 لاکھ اور کسی کو 20 لاکھ روپے کی آفر دی جارہی ہے۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ میں کوئی بھی اس جھانسہ میں نہیں آئے گا۔ ہمیں بی جے پی والوں کو بے نقاب کرنا ہے۔ اپنا فون ریکارڈنگ پر رکھیں اور بی جے پی والوں کا جب بھی فون آئے بات چیت ریکارڈ کرلیں۔

اروند کجریوال نے کہا کہ سارے حربوں کے باوجود بی جے پی ہماری پارٹی کی ساکھ ختم نہیں کرپائے گی جو ہم نے اپنے کام اور اعتماد سے حاصل کی ہے۔ بی جے پی کے پروپگنڈہ کے باوجود لوگوں نے ایم سی ڈی الیکشن میں ہمیں ووٹ دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ ہم پر بھروسہ کرتے ہیں۔

بی جے پی سوچتی ہے کہ عوام بھولے بھالے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی مثبت سیاست کرتی ہے اور اپنے کام کے بارے میں بات کرتی ہے۔

وہ بی جے پی کی طرح جیل میں بند ایک دھوکہ باز کے فیک ویڈیوز اور خطوط کو نہیں پھیلاتی۔ چہارشنبہ کے دن عام آدمی پارٹی نے میونسپل کارپوریشن آف دہلی میں بی جے پی کا 15 سالہ اقتدار ختم کردیا۔ 250 وارڈس میں اس نے 134 وارڈس جیتے جبکہ بی جے پی کے حصہ میں 104 وارڈس آئے۔