دہلی

دروپدی مرمو نے ہندوستان کی 15ویں صدرجمہوریہ کا لیا حلف

مرمو نے کہاکہ دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنا ہی جس کیلئے سب سے بڑی بات تھی آج اُسے ملک کا اعلیٰ ترین عہدہ دیا گیا ہے۔ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں کوئی بھی اپنے خوابوں کو پورا کرسکتا ہے۔

دہلی: ہندوستان کی 15ویں صدرجمہوریہ کی حیثیت سے دروپدی مرمو نے آج حلف لے لیا۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے اُنہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اِس کے ساتھ ہی مرمو ہندوستان کی پہلی قبائیلی خاتون صدرجمہوریہ بن گئیں۔

 اُنہوں نے کہاکہ دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنا ہی جس کیلئے سب سے بڑی بات تھی آج اُسے ملک کا اعلیٰ ترین عہدہ دیا گیا ہے۔ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں کوئی بھی اپنے خوابوں کو پورا کرسکتا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ آزادی کا امرت مہوتسو منانے کے اِس موقع پر صدرجمہوریہ کے عہدہ کا حلف لینا اُن کیلئے  فخر کی بات ہے۔

ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ کا پہلی قبائیلی خاتون صدر نے جائزہ حاصل کرلیا ہے۔ نئے صدرجمہوریہ کی حیثیت سے دروپدی مرمو کی حلف برداری تقریب شاندار پیمانہ ہر منعقد کی گئی۔ صبح 10بجکر 15 منٹ پر پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ہندوستان کے چیف جسٹس جسٹس این وی رمنا نے اُنہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔

اس تقریب میں نائب صدر جمہویہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندرمودی، اسپیکر اوم برلا اور مختلف مرکزی وزرا، گورنرس، چیف منسٹرس، ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

حلف برداری کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی نئی صدرجمہوریہ نے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ عوام نے اُن پر جو اعتماد کیا ہے وہ اُسے برقرارکھیں گی۔ آزادی کا امرت مہوتسو منانے کے دوران اُنہیں یہ عہدہ حاصل ہونے پر کافی خوشی ہورہی ہے۔

قبائیلی گاؤں میں پیدا ہونے والی ایک خاتون کی راشٹرپتی بھون تک رسائی نہ صرف اُس کی شخصی کامیابی ہے بلکہ ملک کے ہر غریب کی کامیابی ہے۔ مرمو کے خطاب کے دوران حاضرین میزیں تھپتھپا کر اُن کی ستائش کی۔

مرمو نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں غریبوں کے خواب بھی پورے ہوسکتے ہیں۔ آج یہ ثابت ہوگیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ آزادی کے 50ویں برس میں اُنہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 75ویں سالگرہ پر اُنہیں ملک کا اعلیٰ ترین عہدہ حاصل ہوا ہے جس پر وہ فخر محسوس کررہی ہے۔

 نئی صدرجمہوریہ نے کہاکہ وہ مجاہدین آزادی کے گرام سوراج کے خواب کو پورا کرنے کیلئے جدوجہد کریں گی۔ اُنہوں نے کہاکہ تمام لوگوں کے تعاون سے ہی ہندوستان کا مستقبل روشن ہوسکتا ہے۔ جمہوریت، روایات کو ترجیح دیتے ہوئے کام کرنے کی اُنہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو تلقین کی۔

آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والی پہلی صدرجمہوریہ کی حیثیت سے عہدہ حاصل کرنے والی دروپدی مرمو نے ہندوستان کے دفاعی افواج اور شہریوں کو کارگل وجئے دیوس کی مبارکباددی۔

اُنہوں نے کہاکہ جب قبائیلی دیہات میں پیدا ہونے والی لڑکی کیلئے اسکول جانا ہی بہت بڑی بات ہے جب اُنہوں نے دسویں جماعت میں کامیابی حاصل کی تو وہ اپنے گاؤں پہلی لڑکی تھی جس نے یہ کامیابی حاصل کی تھی۔