دہلی

گنیش وسرجن میں حصہ لینے کی وجہ سے میرے بیٹے کو ہلاک کیا گیا ہے!

منگول پوری علاقہ میں چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ کے خاندان نے آج الزام عائد کیا کہ بھگوان ہنومان کا کٹر بھکت ہونے کی وجہ سے اور گنیش وسرجن میں حصہ لینے کی وجہ سے ان کے بیٹے کو ہلاک کیا گیا ہے۔

نئی دہلی: منگول پوری علاقہ میں چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ کے خاندان نے آج الزام عائد کیا کہ بھگوان ہنومان کا کٹر بھکت ہونے کی وجہ سے اور گنیش وسرجن میں حصہ لینے کی وجہ سے ان کے بیٹے کو ہلاک کیا گیا ہے۔

جمعہ کی شام ارمان کو وحشیانہ طور پر ہلاک کردیا گیا، جب کہ اس کے دونوں بھائی شاہ رخ نامی ایک نوجوان کی زیرقیادت حملہ آوروں کے ایک گروپ کی جانب سے چاقو گھونپے جانے کے بعد زخمی ہوگئے۔ ب

عد ازاں اسی گروپ نے مزید دو نوجوانوں وِکّی اور روی کو بھی چاقو گھونپ دیا، کیوں کہ وہ ان کے حریفوں کے ساتھی تھے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ شخصی رقابت کا نتیجہ ہے، جب کہ یہ خاندان مذہبی وجوہات بتا رہا ہے۔

خاندان نے الزام عائد کیا کہ ارمان‘ بھگوان ہنومان کا بھکت تھا اور اکھاڑہ کو جایا کرتا تھا۔ وہ ہنومان کی پوجا بھی کرتا تھا۔ اس نے گنیش وسرجن میں حصہ بھی لیا تھا۔ اس پر شاہ رخ برہم ہوگیا تھا اور اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے قتل کردیا۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ انہیں 4:36 بجے ایک فون کال موصول ہوئی کہ منگول پوری کے بلاک میں 3 افراد کو چاقو گھونپ دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی ارمان، مونٹی عرف معین خان اور فردین کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔

انہیں سنجے گاندھی میموریل ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا، جہاں ارمان کو لائے جانے پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔ فردین کو ہاسپٹل کے آئی سی یو میں شریک کرایا گیاتھا۔

فردین نے پولیس کو بتایا کہ تقریباً 2:15 بجے وہ اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا۔ اس کی گاڑی شاہ رخ نامی نوجوان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس کی وجہ سے شاہ رخ کے ساتھی شبیر کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی۔ بعد ازاں فردین اس علاقہ سے روانہ ہوگیا۔