دہلی

ہندوتنظیموں کی دھمکی،کامیڈین کنال کامرا کا پروگرام منسوخ

دہلی میں منور فاروقی کے شو کو منسوخ کئے جانے کے محض دو ہفتوں بعد کنال کامرا کا پروگرام بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے مماثل وجوہات کی بنا پر منور فاروقی کا پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

گڑگاؤں: کامیڈین کنال کامرا کے گڑگاؤں میں جاریہ  ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والے شو کو اس کلب نے منسوخ کردیا ہے جو اس کی میزبانی کرنے والا تھا۔ دائیں بازو کی چند تنظیموں نے ہندو دیوی دیوتاؤں کیلئے مبینہ توہین آمیز ان کے لطیفوں پر احتجاج کرنے کی دھمکی دی تھی۔

 دہلی میں منور فاروقی کے شو کو منسوخ کئے جانے کے محض دو ہفتوں بعد کنال کامرا کا پروگرام بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے مماثل وجوہات کی بنا پر منور فاروقی کا پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

 وشوا ہندوپریشد اور بجرنگ دل نے قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کو مکتوب روانہ کیا تھا اور اسٹوڈیو زوبار میں 17 اور 18 ستمبر کو منعقد ہونے والے شو کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

 ضلع انتظامیہ نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا ہے لیکن اسٹوڈیو زوبار کے منیجر ساحل ڈاورا نے مقامی نامہ نگاروں کو بتایا کہ بجرنگ دل کے دو ارکان آئے تھے اور انہوں نے گڑبڑ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے کہا ہم نے شو کو منسوخ کردیا ہے کیونکہ ہم ہنگامہ نہیں چاہتے۔