امریکہ و کینیڈا

وائٹ ہاؤس میں عید ملاپ تقریب، مسلم میئر کو شرکت سے روک دیا گیا

تقریب میں امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے مسلمان میئر محمد خیر اللہ کو خفیہ ایجنسی نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی عید پارٹی میں شرکت سے روک دیا ہے۔ میئر محمد خیراللہ کو تقریب میں پہنچنے سے کچھ دیر قبل وائٹ ہاؤس سے فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ خفیہ سروس نے ان کے داخلے کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ شرکت نہیں کر سکتے۔

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا جس میں نیو جرسی کے مسلمان میئر کو شرکت سے روک دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلمان ارکان کانگریس الہان عمر، راشدہ طیب، پاکستانی نژاد ٹیکساس اسمبلی رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی، پاکستانی نژاد ڈیموکریٹ رہنما طاہرجاوید، روبینہ طاہر، اٹارنی نعمان حسین سمیت مسلم کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں
پرائمری انتخابات، بائیڈن کو اسرائیل۔غزہ جنگ پر مخالفت کا سامنا
3 امریکی ریاستوں میں ہندوستانیوں کا احتجاج
مودی نے بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی
جوبائیڈن 2024 کی یوم جمہوریہ پریڈ میں مدعو

تاہم اس تقریب میں امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے مسلمان میئر محمد خیر اللہ کو خفیہ ایجنسی نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی عید پارٹی میں شرکت سے روک دیا ہے۔ میئر محمد خیراللہ کو تقریب میں پہنچنے سے کچھ دیر قبل وائٹ ہاؤس سے فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ خفیہ سروس نے ان کے داخلے کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ شرکت نہیں کر سکتے۔

خفیہ ایجنسی کے ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے تصدیق کی ہے کہ مسلمان میئر محمد خیراللہ کو وائٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں دی تاہم انہوں نے وجہ بتانے سے انکار کیا ہے۔ ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے جاری بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس میں سیکیورٹی آپریشن کی غرض سے لیے گئے حفاظتی اقدامات سے متعلق مزید معلومات نہیں فراہم کر سکتے۔

وائٹ ہاؤس نے میئر محمد خیراللہ کو شرکت سے روکنے کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی اسلامک تعلقات کونسل کے نیو جرسی چیپٹر (سی اے آئی آر) کے ڈائریکٹر صلادین مسکت نے اس اقدام کو ناقابل قبول اور ہتک آمیز قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ محمد خیراللہ جنوری میں پانچویں مرتبہ ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ شام اور بنگلہ دیش میں فلاحی کاموں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

سی اے آئی آر نیوجرسی کی ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل خیراللہ کو نیو یارک کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تین گھنٹے کے لیے روکا گیا تھا اور ان سے دہشت گردوں سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

دریں اثنا وائٹ ہاؤس میں عید ملن تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ صدر بائیڈن نے خطاب میں شرکا کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان امریکی معاشرے کا شروع سے حصہ رہے ہیں اور انہوں نے امریکا کی جنگ آزادی میں بھی حصہ لیا تھا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آج امریکہ میں 35 لاکھ مسلمان آباد ہیں جو مختلف رنگ ونسل اور زبان سے تعلق رکھتے ہیں لیکن امریکی پرچم تلے ایک ہیں۔