دہلی

ایمنسٹی انڈیا کے 1.54 کروڑ روپئے کے اثاثے قرق

ای ڈی نے عبوری طور پر انڈینس فار ایمنسٹی انٹرنیشنل ٹرسٹ (آئی اے آئی ٹی) کے بینک کھاتوں میں موجود 1.54 کروڑ روپئے کی رقم انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) 2002ء کے تحت قرق کرلی ہے۔

نئی دہلی: جمعہ کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے درج کی گئی ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ای ڈی نے عبوری طور پر انڈینس فار ایمنسٹی انٹرنیشنل ٹرسٹ (آئی اے آئی ٹی) کے بینک کھاتوں میں موجود 1.54 کروڑ روپئے کی رقم انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) 2002ء کے تحت قرق کرلی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایمنسٹی انڈیا انٹرنیشنل پرائیوٹ لمیٹڈ (اے آئی آئی پی ایل) اور دیگر کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 120(b)، ایف سی آر اے کی دفعہ 11، 35 اور 39 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ای ڈی کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا فاؤنڈیشن ٹرسٹ کا ایف سی آر اے لائسنس منسوخ کیے جانے کے بعد ایمنسٹی اداروں نے بیرونی ممالک سے رقم وصول کرنے کا نیا طریقہ اختیار کیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل یو کے نے خدمات برآمد کرنے اور بیرونی راست سرمایہ کاری کے نام پر اے آئی آئی پی ایل کو 51.72 کروڑ روپئے بھیجے، لیکن ایسی خدمات برآمد کرنے کا کوئی دستاویزی ثبوت موجود نہیں تھا۔