دہلی

مودی آئندہ سال لال قلعہ پر نہیں اپنے بنگلہ پر ترنگا لہرائیں گے: کھڑگے

کانگریس صدر نے یوم ِ آزادی خطاب میں اپوزیشن کو نشانہ بنانے پر بھی وزیراعظم پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جو بول رہے ہیں وہ ان کا گھمنڈ ہے۔

 نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے منگل کے دن کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے گھمنڈی دعویٰ کیا ہے کہ وہ آئندہ سال بھی لال قلعہ سے ترنگا لہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی آئندہ سال اپنے بنگلہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔

متعلقہ خبریں
کانگریس ایک ملک، ایک الیکشن کی شدید مخالف
”بھارت میراپریوار۔ میری زندگی کھلی کتاب“:مودی
وزیر اعظم کے ہاتھوں اے پی میں این اے سی آئی این کے کیمپس کا افتتاح
اڈانی مسئلہ پر کانگریس سے وضاحت کامطالبہ، سرمایہ کاری کے دعوؤں پر شک و شبہات
سفارتی تنازعہ، دفتر خارجہ میں مالدیپ کے سفیر کی طلبی

کانگریس صدر نے یوم ِ آزادی خطاب میں اپوزیشن کو نشانہ بنانے پر بھی وزیراعظم پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جو بول رہے ہیں وہ ان کا گھمنڈ ہے۔ یہ سال 2023ہے اور یہ کہنا کہ 2024 میں بھی لال قلعہ سے ترنگا لہراؤں گا‘ ان کا ”درنکار‘ اہنکار“ ہے۔

کانگریس سربراہ سے میڈیا نمائندوں نے وزیراعظم کے ریمارکس کے بارے میں پوچھا تھا۔ ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ وزیراعظم‘ اپوزیشن پر تنقید کرتے رہتے ہیں اور یوم ِ آزادی پر بھی یہ تنقید جاری رکھنا بتاتا ہے کہ وہ کس قسم کا ہندوستان بنانا چاہتے ہیں۔

 وہ پھر ترنگا لہرائیں گے لیکن اپنے بنگلہ پر۔ کانگریس قائد راجیو شکلا نے کہا کہ آئندہ سال لال قلعہ کی فصیل سے کس کا خطاب ہوگا یہ فیصلہ عوام کی طاقت کرے گی‘ ہمیں عوام پر چھوڑدینا چاہئے۔ایک اور کانگریس قائد اجئے کمار نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم اپنی حکومت میں کرپشن پر قابو پانے میں ناکام رہے جو سی اے جی رپورٹس میں بے نقاب ہورہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جو طالب ِ علم فیل ہوتا رہتا ہے وہ پاس ہونے کی باتیں کرتا ہے۔ مودی جی گھبرائے ہوئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی رکن پارلیمنٹ سشیل کمار گپتا نے کہا کہ مجھے عجیب لگا کہ وہ 9 سالہ اقتدار کے بعد بھی اپنی رپورٹ پیش نہ کرسکے۔

وزیراعظم کا یہ کہنا کہ وہ آئندہ سال اپنا رپورٹ کارڈ دیں گے‘ کیسے ممکن ہے۔ انہیں عوام کو اپنا رپورٹ کارڈ دے دینا چاہئے جنہوں نے انہیں کافی وقت دیا۔ رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ اگلے سال ترنگا کون لہرائے گا یہ عوام کی مرضی سے طئے ہوگا۔