دہلی

معافی مودی کو مانگنی چاہئے راہول گاندھی کو نہیں: کھڑگے

کھڑگے نے کہا کہ مودی نے امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی دوسرے ممالک کے دوروں کے دوران ہندوستانیوں کی توہین کی ہے، اس لئے مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بیرون ملک ہندوستانیوں کی عزت کو ٹھیس نہیں پہنچائی، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایسا خود کیا ہے جس کے لئے انہیں ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔

متعلقہ خبریں
بی جے پی میں دستور بدلنے کی ہمت نہیں: ر اہول گاندھی
”بھارت میراپریوار۔ میری زندگی کھلی کتاب“:مودی
وزیر اعظم کے ہاتھوں اے پی میں این اے سی آئی این کے کیمپس کا افتتاح
الیکٹورل بانڈس اسکیم، جبری وصولی ریاکٹ: راہول گاندھی (ویڈیو)
راہول گاندھی، بی جے پی کو کڑی ٹکر دینے کسی اور حلقہ کا رخ کریں: ڈی راجہ

کھڑگے نے جمعہ کو یہاں کہا کہ مودی نے امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی دوسرے ممالک کے دوروں کے دوران ہندوستانیوں کی توہین کی ہے، اس لئے مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے، اس لیے گاندھی کے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

کانگریس صدر نے کہا ’’ مودی خود 6-7 ممالک میں گئے ہیں اور غیر ملکی سرزمین پر کہا ہے کہ ‘ہندوستان کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کیا گناہ کیا کہ ہم ہندوستان میں پیدا ہوئے ‘‘ بیرون ملک جاکر ایسا کہنے والا شخص ہمیں غدار کہہ رہا ہے۔ مودی نے ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی ہے، اس لئے آپ کو معافی مانگنی چاہئے۔

گاندھی کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے صدر جے پی نڈا کے ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا ” مسٹر جے پی نڈا نے جو کچھ کہا ہے ، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

 انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ مودی جی نے چین، امریکہ اور جنوبی کوریا جا کر ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی ہے۔ مودی کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے۔ ہمارے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔”

کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کی جنگ لڑی ہے جبکہ بی جے پی کا اس میں کوئی رول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جدوجہد آزادی میں ایک ذرہ بھر بھی اپنا حصہ نہیں ڈالا وہی اصل غدار ہیں۔

 انہوں نے کہا خطرناک حد تک بے روزگاری، کمر توڑ مہنگائی اور ‘بیسٹ فرینڈ’ کے گھوٹالے کو چھپانے کے لیے بی جے پی یہ سب کر رہی ہے، تاکہ ان سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔

گاندھی کو سچا محب وطن قرار دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا ”جو شخص جمہوریت کی بات کرتا ہے اور ملک کی خستہ حالی پر تشویش ظاہر کرتا ہے، وہ غدار نہیں ہو سکتا۔ وہ ایک سچا محب وطن ہے۔ اگر راہول گاندھی کو پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع ملا تو ہم بی جے پی کے ان الزامات کا منہ توڑ جواب دیں گے۔