کھیل

اب کسی اور بڑے کام پر توجہ دوں گا: گنگولی

سورو گنگولی نے کہاکہ آپ زندگی میں کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ لیکن میرے لیے بہترین وقت وہ تھا جب میں نے ہندوستان کیلئے 15 سال تک کھیلا۔ میں بی سی سی آئی کا صدر بھی تھا۔ اب میری توجہ کچھ بڑا کرنے پر ہے۔

ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر کے طورپر سورو گنگولی کا سفر ختم ہونے والا ہے۔ سورو گنگولی نے اعتراف کیاہے کہ وہ بی سی سی آئی کے صدر کے طورپر دوسری اننگز کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔ سورو گنگولی نے کہاکہ اب وہ کسی اور بڑے کام پر توجہ دیں گے۔

 اس کے ساتھ ہی سابق کرکٹر راجر بنی بغیر کسی مخالفت کے بی سی سی آئی کے نئے صدر بن سکتے ہیں۔ بی سی سی آئی کے نئے صدر کے بارے میں لگائی جارہی تمام قیاس آرائیوں پر خود سورو گنگولی نے خاموشی توڑ دی ہے۔ سورو گنگولی نے کہاکہ انہوں نے بطور اڈمنسٹریٹر لمبی اننگز کھیلی ہے اور اب ان کی توجہ کسی اور کام پر ہے۔

بی سی سی آئی کے صدر نے کہاکہ میں طویل عرصے سے اڈمنسٹریٹر ہوں۔ لیکن اب میں اپنی زندگی میں آگے بڑھ رہا ہوں۔ سورو گنگولی نے کہاکہ جب وہ 15 سال تک ٹیم انڈیا کیلئے کھیلے تو یہ ان کی زندگی کا بہترین وقت تھا۔

سورو گنگولی نے کہاکہ آپ زندگی میں کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ لیکن میرے لیے بہترین وقت وہ تھا جب میں نے ہندوستان کیلئے 15 سال تک کھیلا۔ میں بی سی سی آئی کا صدر بھی تھا۔ اب میری توجہ کچھ بڑا کرنے پر ہے۔ سورو گنگولی نے مزید کہاکہ کچھ بڑا کرنے کیلئے بہت کچھ دینا پڑتاہے۔

 سابق کپتان نے کہاکہ میں نے تاریخ پر یقین نہیں کیا۔ لیکن میری نظر اس حقیقت پر رہی ہے کہ مشرق میں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والے ٹیلنٹ کی کمی ہے۔ کوئی ایک دن میں امبانی نہیں بن جاتا۔ ایسے بننے کیلئے برسوں محنت کرنی پڑتی ہے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے آئین میں ترمیم کے بعد سورو گنگولی کو صدر کے طورپر دوسری اننگز ملنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔ لیکن رپورٹس میں دعویٰ کیا گیاہے کہ سورو گنگولی کو دوسری بار صدر بننے کیلئے بی سی سی آئی کے اندر حمایت نہیں ملی۔ یہی نہیں سورو گنگولی پر بی سی سی آئی کے صدر کے طورپر ناکام ہونے کے الزامات بھی لگے ہیں۔

 اس ہفتے کے شروع میں دہلی میں بی سی سی آئی کے عہدیداروں کی میٹنگ کے بعد یہ تقریباً واضح ہوگیا تھاکہ سورو گنگولی اب بی سی سی آئی کے صدر نہیں رہیں گے۔ راجر بنی نے بی سی سی آئی کا صدر بننے کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے ہیں۔

 راجر بنی کو چیلنج کرنے کیلئے ابھی تک کوئی اور نامزدگی داخل نہیں کی گئی۔ ایسے میں یہ واضح ہے کہ راجر بنی بی سی سی آئی کے اگلے صدر ہوں گے۔ یہی نہیں جے شاہ بی سی سی آئی سکریٹری کا عہدہ بھی اپنے پاس رکھنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔