کرناٹک

کرناٹک: اذان کے دوران موسیقی بجانے پر مسلم نوجوانوں کا ایک دکاندار پر حملہ (ویڈیو)

بنگلورو میں اتوار کو اذان کے وقت اونچی آواز میں میوزک بجانے پر مسلم نوجوانوں کے ایک گروپ اور دکاندار کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

بنگلورو: بنگلورو میں اتوار کو اذان کے وقت اونچی آواز میں میوزک بجانے پر مسلم نوجوانوں کے ایک گروپ اور دکاندار کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

متعلقہ خبریں
گاندھی بھون پر بی جے وائی ایم کارکنوں کااحتجاج

سدنا لے آؤٹ کے قریب دکاندار نے اونچی آواز میں گانا بجایا تھا، جس پر کچھ مسلم نوجوانوں نے سوال اٹھایا، جس کے بعد بحث شروع ہوگئی، جو مارپیٹ تک پہنچ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ مسلم نوجوانوں نے دکاندار پر حملہ کردیا۔

اس معاملے میں ہلاسورو تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور پولیس تنازعہ میں ملوث ملزمین کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو ایکس اور یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا ہے جس میں نوجوانوں کے ایک گروپ کو ایک دکاندار سے بھڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس میں بحث ہوتی ہے جو جسمانی تشدد میں تبدیل ہوجاتی ہے۔

ان میں سے ایک نوجوان غصے سے دکاندار کا کالر پکڑے ہوئے نظر آتا ہے، جس پر دکاندار نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد نوجوانوں کے گروپ نے اس کی پٹائی شروع کردی۔