بھارت

ایل کے اڈوانی کی سالگرہ۔ وزیراعظم اور راجناتھ سنگھ کی مبارکباد

وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کے دن بی جے پی کے بزرگ لیڈر ایل کے اڈوانی کی 95 ویں سالگرہ کے دن اڈوانی سے ملاقات کی۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کے دن بی جے پی کے بزرگ لیڈر ایل کے اڈوانی کی 95 ویں سالگرہ کے دن اڈوانی سے ملاقات کی۔

راجناتھ سنگھ نے ٹوئٹر پر ملاقات کی تصاویر پیش کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے تجربہ کار لیڈر کا ہندوستانی سیاست کے قد آور شخصیتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے ملک‘ سماج اور پارٹی کی ترقی میں نہایت اہم تعاون ادا کیا۔ میں ان کی صحت اور دراز عمر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ دیگر کئی وزراء اور بی جے پی کے قائدین نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹوئٹر پر کہاکہ اڈوانی نے اپنی مسلسل سخت محنت کے ساتھ ملک بھر میں تنظیم کو مضبوط کیا‘ جب وہ حکومت میں تھے تو تجربہ کار سیاست داں نے ملک کی ترقی میں انمول تعاون پیش کیا۔

مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے بھی ٹوئٹر پر کہاکہ ایل کے اڈوانی نے کالے دھن کے خلاف جن چیتنا یاترا شروع کی تھی اور اس سے جو اثر پڑا اسے یاد کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے ان کے پکے عزم پر عمل کرتے ہوئے حکومت میں شفافیت لانے کیلئے کئی اقدامات کئے۔ وزیر خارجی امور ایس جے شنکر نے اپنے مبارکباد کے پیام میں کہاکہ اڈوانی کا قوم کیلئے تعاون اور ان کی خدمات ہم میں ہمیشہ تحریک پیدا کریں گے۔

بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے اڈوانی کو سیاست میں ایک بلند شخصیت اور ہمارا رہنما قرار دیتے ہوئے کہاکہ قوم اور تنظیم کیلئے ان کا پکا عزم ہمارے لئے ایک تحریک ہے۔ اڈوانی‘ 8 نومبر 1927 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ‘ سابق وزیراعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ بی جے پی کے ایک بانی رکن ہیں۔