بھارت

سی بی ایس ای کی کتاب میں ابو‘امی اور بریانی پر تنازعہ

Gulmohar نامی یہ کتاب حیدرآباد کے ایک ناشر نے شائع کی ہے اور اسے سی بی ایس ای بورڈ نے دوم جماعت کے طلباء کیلئے جاری کیا ہے۔ ماں باپ نے بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے مقامی قائدین سے شکایت کی جنہوں نے ریاستی محکمہ تعلیم سے شکایت کی۔

جئے پور: جھارکھنڈ کے بعض اسکولوں میں ہفتہ واری تعطیل اتوار سے بدل کر جمعہ کردینے پر بڑے تنازعہ کے درمیان راجستھان کے کوٹہ میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماں باپ کا الزام ہے کہ دوم جماعت کی ایک کتاب میں ایک مخصوص فرقہ سے متعلق الفاظ ہیں جن سے بچوں کی بڑھوتری متاثرہوسکتی ہے۔

 کئی والدین نے شکایت کی ہے کہ یہ کتاب بیشتر غیرمسلم طلباء کو پڑھائی جارہی ہے۔ کتاب میں شانو‘ثانیہ‘شیرین‘عامراور نسیم جیسے بعض نام کہانی کے کرداروں کیلئے استعمال کئے گئے ہیں۔ امی‘ ابو کا عام حوالہ بھی دیاگیا ہے۔ ایک خانگی انگریزی میڈیم اسکول میں پڑھنے والے بچوں کے ماں باپ کی شکایت ہے کہ ان کے بچے گھر میں ابو‘ امی کہنے لگے ہیں اور کھانے کیلئے بریانی مانگ رہے ہیں۔

 Gulmohar نامی یہ کتاب حیدرآباد کے ایک ناشر نے شائع کی ہے اور اسے سی بی ایس ای بورڈ نے دوم جماعت کے طلباء کیلئے جاری کیا ہے۔ ماں باپ نے بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے مقامی قائدین سے شکایت کی جنہوں نے ریاستی محکمہ تعلیم سے شکایت کی۔

بعض ماں باپ کا الزام ہے کہ یہ کتاب‘اسکولی تعلیم کو اسلامی رنگ دینے کی کوشش ہے۔ سی بی ایس ای کی جاری کردہ اس کتاب میں 113 صفحات ہیں اور اس کی قیمت352 روپئے ہے۔