بھارت

صحافی محمد زبیر تہاڑ جیل سے رہا

آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو آج سپریم کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت منظور کئے جانے کے بعد شام میں تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا۔

نئی دہلی: آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو آج سپریم کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت منظور کئے جانے کے بعد شام میں تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا۔

سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے دن آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو اترپردیش میں درج تمام ایف آئی آرس میں ضمات دے دی اور کہا کہ زبیر کو مسلسل حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ دہلی پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر میں دہلی کی عدالت ضمانت منظور کرچکی ہے۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں اسی معاملہ میں کوئی ایف آئی آر درج ہوتی ہے تب بھی زبیر کو ضمانت پر رہا کردیا جائے گا۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ‘ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اے ایس بوپنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ زبیر کو چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ پٹیالہ ہاؤز کورٹ نئی دہلی میں 20 ہزار روپے کا ضمانتی بانڈ جمع کرانے کے بعد یوپی میں درج تمام ایف آئی آرس کے سلسلہ میں رہائی مل جائے گی۔

ملک کی سب سے بڑی عدالت نے زبیر کے خلاف یوپی میں درج تمام ایف آئی آرس کو دہلی پولیس کی موجودہ ایف آئی آر کے ساتھ یکجا کردیا۔