کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اتوار کو اجلاس
کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) کا اجلاس اتوار کے دن منعقد ہوگا جس میں پارٹی کے نئے صدر کے الیکشن شیڈول کو منظوری دی جائے گی۔ یہ غلام نبی آزاد کے چونکادینے والے استعفیٰ کے پس منظر میں منعقد ہورہا ہے۔

نئی دہلی۔: کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) کا اجلاس اتوار کے دن منعقد ہوگا جس میں پارٹی کے نئے صدر کے الیکشن شیڈول کو منظوری دی جائے گی۔ یہ غلام نبی آزاد کے چونکادینے والے استعفیٰ کے پس منظر میں منعقد ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن شیڈول کو منظوری دینے کے علاوہ سی ڈبلیو سی ارکان‘ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی قیادت پر اعتماد ظاہر کرسکتے ہیں۔ سی ڈبلیوسی کانگریس کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے۔ غلام نبی آزاد کے استعفیٰ اور قیادت پر تنقید کے تناظر میں یہ اجلاس اہم ہوگا۔
کانگریس کے سینئر قائدین کے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قبل ازیں کپل سبل اور اشونی کمار نے پارٹی کا ساتھ چھوڑدیا۔ سی ڈبلیو سی کا ورچول (آن لائن) اجلاس کل سہ پہر 3:30 بجے منعقد ہوگا۔ سونیا گاندھی صدارت کریں گی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر تک پارٹی کا کُل وقتی صدر آجائے گا۔
کانگریس نے گزشتہ برس اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب سال 2022 میں 21 اگست اور 20 ستمبر کے درمیان ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس صدر کے انتخاب میں چند ہفتوں کی تاخیر ہوسکتی ہے کیونکہ پارٹی 7 ستمبر سے شروع ہونے والی کنیاکماری تا کشمیر بھارت جوڑو یاترا پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
اس کے علاوہ اس کے بعض ریاستی یونٹس نے قواعد کی تکمیل نہیں کی ہے۔ سونیا گاندھی میڈیکل چیک اَپ کے لئے بیرون ِ ملک گئی ہوئی ہیں۔ ان کے دونوں بچے بھی ان کے ساتھ ہیں۔ یہ تینوں سی ڈبلیو سی میٹنگ میں ورچول / آن لائن حصہ لیں گے۔ پارٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی اے آئی سی سی صدر نہ بننے پر اَڑے ہوئے ہیں۔