بھارت

اندرون ملک تیار کردہ طیارہ بردار جہاز 2 ستمبر کو بحری بیڑہ میں شامل ہوگا

ہندوستانی بحریہ کے وائس چیف اڈمیرل ایس این گھور مڈے نے آج کہا کہ اندرون ِ ملک تیار کردہ طیارہ بردار بحری جہاز کو کارکرد بنانے سے ہند۔ پیسفک خطہ میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

نئی دہلی: ہندوستانی بحریہ کے وائس چیف اڈمیرل ایس این گھور مڈے نے آج کہا کہ اندرون ِ ملک تیار کردہ طیارہ بردار بحری جہاز کو کارکرد بنانے سے ہند۔ پیسفک خطہ میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے اولین طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کو وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں 2 ستمبر کو کوچی میں بحری بیڑہ میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مودی اس جہاز کو قوم کے نام وقف کریں گے اور اسے باضابطہ طورپر بحریہ میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی بحریہ کے پاس 2 طیارہ بردار بحری جہاز ہوں گے۔

بحریہ کے پاس پہلے سے ہی ایک طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرم آدتیہ موجود ہے۔ بحریہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ آئی این ایس وکرانت کو بحری بیڑہ میں شامل کئے جانے کے بعد ہندوستان ایسے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا جن کے پاس 40 ہزار ٹن سے زیادہ وزنی طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جہاز کی تیاری میں استعمال کیا جانے والا سامان ملک کی 18 ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں بنایا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس جہاز کی تعمیر میں پورے ملک نے تعاون کیا ہے اور یہ ملک کے اتحاد کی علامت ہے۔