بھارت

اڈانی آخر کار چور دروازہ سے این ڈی ٹی وی میں حصہ دار بن گئے

آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی ادارہ، این ڈی ٹی وی کے 29.18 فیصد شیئرس کا مالک ہے۔ اسے اپنے تمام ایکویٹی شیئرز، وی سی پی ایل کو منتقل کرنے کے لیے دو دن کا وقت دیا گیا ہے۔

نئی دہلی: نئی دہلی ٹیلی ویژن لمیٹڈ (این ڈی ٹی وی) یا اس کے بانی پروموٹرز رادھیکا رائے اور پرنائے رائے کے ساتھ بات چیت کے بغیر وشوا پردھان کمرشیل پرائیویٹ لمیٹڈ (وی سی پی ایل) کی طرف سے انہیں ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وی سی پی ایل نے آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔  

آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی ادارہ، این ڈی ٹی وی کے 29.18 فیصد شیئرس کا مالک ہے۔ اسے اپنے تمام ایکویٹی شیئرز، وی سی پی ایل کو منتقل کرنے کے لیے دو دن کا وقت دیا گیا ہے۔

وی سی پی ایل کا کہنا ہے کہ اس نے 2009-10 میں این ڈی ٹی وی کے بانیوں رادھیکا رائے اور پرنائے رائے کے ساتھ کیے گئے قرض کے معاہدے کی بنیاد پر اپنے حقوق کا استعمال کیا ہے۔

اس دوران این ڈی ٹی وی کے بانیوں اور کمپنی نے خود یہ واضح کیا ہے کہ وی سی پی ایل کی طرف سے حقوق حاصل کرنے کی یہ کارروائی، این ڈی ٹی وی کے بانیوں کو کوئی اِن پٹ دیئے بغیر یا بات چیت یا رضامندی کے بغیر عمل میں لائی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں صرف آج ہی ہمیں آگاہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ این ڈی ٹی وی نے کل ہی اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا تھا کہ اس کے بانیوں کے شیئر ہولڈنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مالکین نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے آپریشنز یعنی اپنی صحافت کے مقصد اور مشن پر سمجھوتہ نہیں کیا ہے اور ہم فخر کے ساتھ حقیقی صحافت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے دوست اور ملک کے دولتمند ترین شخص گوتم شانتی لال اڈانی عرصہ دراز سے این ڈی ٹی وی حاصل کرنے کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں۔ اب یہ جو معاملہ ہوا ہے اس میں پتہ چلا ہے کہ وشوا پردھان کمرشیل پرائیویٹ لمیٹڈ (وی سی پی ایل) نامی کمپنی، اڈانی انٹرپرائزس لمیٹڈ کی انڈائرکٹ سبسیڈائری ہے۔ دیگر معنوں میں یہ کمپنی اڈانی کی ہی ملکیت ہے۔

اس طرح اڈانی نے این ڈی ٹی وی پر قبضہ کرنے کے لئے پچھلے دروازے کا استعمال کیا ہے۔ وی سی پی ایل کی جانب سے آر آر پی آر ہولڈنگ کا کنٹرول حاصل کرلئے جانے کے بعد انہوں نے این ڈی ٹی وی کے مالکین رادھیکا رائے اور پرنائے رائے کو چینل کے مزید 26 فیصد شیئرس کی خریدی کا کھلا آفر دیا ہے۔ انہوں نے فی شیئر 294 روپے کی قیمت بھی لگائی ہے۔