بھارت

بجٹ اجلاس حصہ دوم، پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں انعقاد کا امکان

پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا امکان ہے کہ مارچ میں افتتاح ہوگا۔ اُس وقت بجٹ اجلاس کے دوسرے حصہ کے لئے سیشن طلب کیا گیا ہوگا۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا امکان ہے کہ مارچ میں افتتاح ہوگا۔ اُس وقت بجٹ اجلاس کے دوسرے حصہ کے لئے سیشن طلب کیا گیا ہوگا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی عمارت کا کام تیزی سے جاری ہے اور فروری میں اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع کے بموجب بجٹ اجلاس کا حصہ دوم نئی عمارت میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔

بجٹ اجلاس کے عام طورپر دو حصے ہوتے ہیں۔ پہلا حصہ عام طورپر 30 جنوری یا 31 جنوری کو شروع ہوتا ہے۔ اُس دن دونوں ایوانوں کی مشترکہ بیٹھک سے صدرجمہوریہ کا خطاب ہوتاہے۔

مرکزی بجٹ کی پیشکشی یکم فروری کو ہوتی ہے۔ بجٹ اجلاس کا حصہ اول عام طورپر 8 یا 9 فروری کو ختم ہوتا ہے جبکہ حصہ دوم عام طورپر جنوری کے دوسرے ہفتہ میں شروع ہوتا ہے اور مئی کے اوائل تک جاری رہتا ہے۔

گزشتہ ماہ مرکزی وزیر امکنہ و شہری امور ہردیپ سنگھ پوری نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمار ت کا کام نہایت تیز رفتار سے جاری ہے۔ نئی عمارت کی تعمیر ٹاٹا پراجکٹس لمیٹڈ کررہی ہے۔