بھارت

رام مندر کی تعمیر دسمبر 2023 تک مکمل ہوگی۔ 40 فیصد کام مکمل

وزیراعظم نریندرمودی نے5۔ اگست2020کوایودھیامیں رام مندر کا بھومی پوجن کیاتھا۔ دو سال کے بعد آئی اے این ایس کی ایک ٹیم نے تعمیری کام کا جائزہ لینے ایودھیا کا دورہ کیا۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے5۔ اگست2020کوایودھیامیں رام مندر کا بھومی پوجن کیاتھا۔ دو سال کے بعد آئی اے این ایس کی ایک ٹیم نے تعمیری کام کا جائزہ لینے ایودھیا کا دورہ کیا۔

آئی اے این ایس کی ٹیم نے شری رام جنم بھومی تیرتھ شیترٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے سے مختلف مسائل پربات چیت کی۔ رائے نے بتایاکہ مندرکی تعمیرکاکام40فیصد تک مکمل ہوچکا ہے۔

اس کام کودسمبر 2023تک مکمل کرلیاجائے گا اورلوگ رام للا کا درشن کرسکیں گے۔ مندراورسارے کامپلکس کو 67 ایکڑ اراضی پرتعمیرکیاجارہاہے۔ اس کام کیلئے جدید مشنری اورٹکنالوجی کا استعمال کیاجارہاہے۔ مندرکی بنیاد15میٹرگہری رکھی گئی ہے۔ مندرکے مغربی حصہ میں ریٹیننگ وال کی تعمیرشروع کی گئی ہے۔

دریائے ساریو اس کے بائیں جانب ہے۔ تمام جغرافیائی حالات کومدنظررکھتے ہوئے ریٹیننگ وال تعمیرکی جارہی ہے۔دیوار اتنی گہری ہے کہ یہ شدید بارش اورزمین کھسک جانے کابھی مقابلہ کرسکتی ہے۔ اگردریائے ساریواپنی سمت تبدیل کرتی ہے تب بھی مندرکواس سے نقصان نہیں پہنچے گا۔

انہوں نے بتایاکہ پلینتھ کاکام مکمل ہونے کے بعدمنڈپ کی تعمیرکاکام شروع ہوگا جس پر400ستون تعمیرکئے جائیں گے۔ سارے مندر کے منڈپ کی تعمیر کیلئے ستون پہلے ہی اٹھائے جاچکے ہیں۔ کڈومنڈپ، نرتیامنڈپ اوررام مندرکے رنگ منڈپ کے ستون30دن میں نصب کئے جائیں گے۔

ایودھیاشہر دریائے ساریوکے کنارے واقع ہے اوراس چیز کومدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے دریائے ساریوکے گھاٹوں کی بحالی اورتعمیرنوشروع کردی ہے۔

ایک نئے گھاٹ کومکمل طورپر فروغ دینے کاکام بھی مکمل کرلیاگیاہے۔ رام للاکا مندر تیارہونے کے بعد یہاں لاکھوں یاتری آئیں گے۔ ایک اندازہ کے مطابق یہاں زائد از دو لاکھ یاتری آئیں گے۔ان کیلئے قیام وطعام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ جس سے مقامی عوام کو فائدہ پہونچے گا۔